امن معاہدے کے بعد کُرم کے لیے 75 گاڑیوں پر مشتمل پہلے قافلے کی روانگی آج

اردو نیوز  |  Jan 04, 2025

خیبر پختونخوا کے ضلع کُرم کے علاقے پارا چنار کو جانے والی سڑک کھولی جا رہی ہے اور امن معاہدے کے بعد امدادی سامان پر مشتمل پہلا قافلہ سینچر کو بھیجا جا رہا ہے۔

صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ قافلہ 75 گاڑیوں پر مشتمل ہے۔

دو روز قبل علاقے کے سُنی اور شیعہ قبائل کے مابین امن معاہدے کے بعد حکام نے کہا ہے کہ امدادی قافلہ پولیس کی حفاظت میں جائے گا۔

جمعے کی رات چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چُوہدری نے ایک ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ ضلع کرم میں اہل سنت اور اہل تشیع کمیونیٹیز کے درمیان امن معاہدہ طے پا چکا ہے۔

چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا نے بتایا کہ ’میں پاکستان کے عوام اور خاص طور پر اہل کرم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’دونوں کمیونیٹیز کے علما اور قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس امن معاہدے کے اوپر دستخط کروانے میں کردار ادا کیا۔‘

ندیم اسلم چوہدری کا کہنا تھا کہ ’امن کمیٹیوں سے درخواست ہے کہ وہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں۔ ہم کرم کے مسائل سے مکمل آگاہ ہیں اور عوامی مشکلات کے خاتمے کے لیے امن معاہدے پر عمل درآمد اولین ترجیح ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’کُرم کے لیے گاڑیوں کا پہلا قافلہ سامان رسد لے کر پارا چنار کے لیے روانہ ہو گا۔ پولیس قافلوں کی حفاظت کرے گی جبکہ قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے بھی معاونت کریں گے۔‘

چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ مقامی قیادت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا تعاون قابل ستائش ہے۔ مشران نے تنازعات کو پس پشت ڈال کر امن کے قیام کی راہ ہموار کی۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی اور وفاقی حکومت امن معاہدے کی کامیابی کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ امن کمیٹیاں کسی بھی شرپسند کو قافلے یا معاہدے کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More