کیپ ٹاؤن ٹیسٹ: پہلی اننگز میں پاکستان کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی، 64 رنز پر تین کھلاڑی آؤٹ

اردو نیوز  |  Jan 04, 2025

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوسرے روز کے اختتام پر پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف تین وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز بنا لیے ہیں۔

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 31 اور محمد رضوان  نو رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں جبکہ کپتان شان مسعود دو، کامران غلام 12 اور سعود شکیل صفر پر پویلین لوٹ گئے ہیں۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ اپنی پہلی اننگز میں پاکستان کے خلاف 615 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

جنوبی افریقہ کی اننگز

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوسرے دن جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلی اننگز میں 615 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ ریان ریکلٹن نے ڈبل سینچری جبکہ ٹمبا باووما اور کائل ویریانے نے سینچریاں بنائیں۔ 

جنوبی افریقہ نے نیولینڈز کیپ ٹاؤن میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کا دوبارہ آغاز چار وکٹ کے نقصان پر 316 رنز  سے کیا، تاہم کچھ دیر بعد ہی اس کی پانچویں وکٹ 323 رنز پر گر گئی۔ ڈیوڈ بیڈنگھم 5 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

بعدازاں پہلے ہی سیشن میں ریان ریکلٹن نے 266 گیندوں پر ڈبل سنچری مکمل کی۔ ریان ریکلٹن اور کائل ویریانے کے درمیان چھٹی وکٹ پر 148 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی۔ ویریانے 100 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 

ساتویں وکٹ پر ریکلٹن نے مارکو یانیسن کے ہمراہ 86 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ تاہم 557 کے مجموعے پر ریکلٹن 259 رنز کی  اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔

ریان ریکلٹن شاندار 259 بنا کر آؤٹ ہوئے (فوٹو: اے ایف پی)

جنوبی افریقہ کے آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مارکو یانسین تھے، انہوں نے 54 گیندوں پر 62 رنز بنائے جبکہ اختتامی لمحات میں کیشو مہاراج نے 40 رنز کے ساتھ اپنا حصہ ڈال کر اپنی ٹیم کو 600 کا ہندسہ عبور کروایا جبکہ جنوبی افریقی ٹیم 615 رنز پر آل آؤٹ ہوئی۔

پاکستان کی جانب سے میر حمزہ اور خرم شہزاد نے دو، دو جبکہ محمد عباس اور سلمان علی آغا نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

صائم ایوب چھ ہفتے کے لیے آرام پر

پاکستان کے اوپنر صائم ایوب دائیں ٹخنے میں فریکچر کے سبب چھ ہفتے تک کرکٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔

ڈاکٹرز کی جانب سے فریکچر کے باعث انہیں چھ ہفتوں کے لیے آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔

صائم ایوب کو یہ فریکچر جمعہ کے روز جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن میں  دوسرے  ٹیسٹ میچ کے پہلے دن فیلڈنگ کرتے ہوئے ہوا تھا۔

جمعہ کی دوپہر کی گئی ایم آر آئی نے فریکچر کی تصدیق کی ہے جس کے بعد صائم ایوب کے ٹخنے کو میڈیکل مون بوٹ سے فکس کردیا گیا ہے۔

اگرچہ صائم ایوب  ٹیسٹ میں مزید حصہ نہیں لیں گے تاہم  وہ ٹیم کے ساتھ رہیں گے اور ٹیسٹ ختم ہونے کے بعد پاکستان ٹیم کے ساتھ وطن واپس آئیں گے۔

پہلا روز 

جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پہلے دن کا کھیل مکمل ہونے تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز بنائے تھے۔

72 رنز پر 3 وکٹیں گر جانے کے بعد جنوبی افریقی اوپنر رائن رکلٹن اور کپتان ٹیمبا بووما کے درمیان 235 رنز کی شراکت نے ٹیم کو مضبوط پوزیشن فراہم کی۔

پہلے دن کے اختتام پر ریان رکلٹن 176 اور ڈیوڈ بیڈنگھم 4 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کپتان ٹیمبا بووما 106 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ایڈن مارکرم 17، ویان مولڈر 5 اور ٹرسٹن اسٹبس صفر پر پویلین روانہ ہوئے۔

یاد رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقا کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

پہلے میچ میں جنوبی افریقا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دی تھی۔ 

پاکستان کی پلیئنگ الیون

شان مسعود (کپتان)، سعود شکیل (نائب کپتان)، صائم ایوب، بابر اعظم، کامران غلام، محمد رضوان، سلمان علی آغا، عامر جمال، خرم شہزاد، میر حمزہ اور محمد عباس پاکستان کی پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔

جنوبی افریقہ کی پلیئنگ الیون

ٹمبا باووما (کپتان)، ایڈن مرکرام، ریان رکیلٹن، ویان ملڈر، ٹرسٹن اسٹبسم ڈیوڈ بیڈنگھم، کیل ویرینے، مارکو جنسن، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا اور کوینا ماپاکھا جنوبی افریقہ کی پلینگ الیون میں شامل ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More