’کے ٹو‘ پر غیرملکیوں سمیت چار کوہ پیما برفانی تودے کی زد میں آ گئے، افتخار سدپارہ ہلاک

اردو نیوز  |  Jul 19, 2025

پاکستان کے شمالی علاقوں میں واقع دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی ’کے ٹو‘ کے کیمپ ون پر برفانی تودے گرنے سے غیرملکیوں سمیت چار کوہ پیما زد میں آ گئے۔

الپائن کلب پاکستان کے نائب صدر کرار حیدری کے مطابق جمعے کو دوپہر ڈھائی بجے کے لگ بھگ کے ٹو پر کیمپ ون کے قریب برفانی تودہ گرنے کا واقع پیش آیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ جگہ بیس کیمپ سے 500 میٹر اوپر واقع ہے جہاں چار کوہ پیما گرنے والے تودے کی زد میں آئے۔

کرار حیدری نے بتایا کہ ایک غیرملکی کوہ پیما کو اس واقعے میں معمولی چوٹیں آئیں جبکہ دیگر دو بچ نکلنے اور بحفاظت بیس کیمپ پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس دوران سکردو کے گاؤں سدپارہ سے تعلق رکھنے والا مقامی کوہ پیما افتخار حسین برفانی تودے تلے دب گیا تھا جن کو بعد ازاں نکالا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکے۔

الپائن کلب کے عہدیدار کے مطابق افتخار حسین کی میت کیمپ ون سے نیچے بیس کیمپ تک لائی گئی۔ ’اس حادثے کے بعد مہم پر لے جانے والی متعقلہ کمپنی نے الپائن کلب پاکستان کے صدر میجر جنرل عرفان ارشد سے افتخار حسین کی میت ہیلی کاپٹر کے ذریعے لانے کی باضابطہ درخواست کی۔‘

جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) نے اس درخواست کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر منظوری دی جس کے بعد آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر کوہ پیما افتخار حسین کی میت کو کے ٹو کے بیس کیمپ سے سکردو لانے کے لیے ایئر لفٹ کر رہا ہے۔

الپائن کلب کے صدر نے کوہ پیما افتخار حسین کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اس دکھ کی گھڑی میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More