’بابر اعظم کی سینچری، کل عام تعطیل کا اعلان ہونا چاہیے‘: پاکستان نے سری لنکا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی

بی بی سی اردو  |  Nov 14, 2025

Getty Imagesبابر اعظم نے اپنے ون ڈے کیریئر کی 20ویں سینچری بنائی

پاکستان نے راولپنڈی میں سری لنکا کو دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی ہے۔

پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور محمد رضوان نے بھی عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا لیکن میزبان ٹیم کی فتح میں سب سے اہم کردار 83 اننگز اور ڈھائی برس بعد سینچری سکور کرنے والے بابر اعظم نے ادا کیا۔

بابر اعظم نے 119 گیندوں پر 102 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ محمد رضوان نے 54 گیندوں پر ناقابلِ شکست 51 رنز کی اننگز کھیلی۔

ان کے علاوہ فخر زمان نے 93 گیندوں پر 78 اور صائم ایوب نے 25 گیندوں پر 33 رنز بنائے۔

سری لنکا کی طرف سے دونوں وکٹیں دشمانتھا چمایرا نے حاصل کیں۔

اس سے قبل پاکستان کی طرف سے بیٹنگ کی دعوت دیے جانے کے بعد سری لنکا نے مقررہ 50 اوورز میں پاکستان کو جیت کے لیے 289 رنز کا ہدف دے دیا تھا۔

Getty Imagesمحمد رضوان نے 54 گیندوں پر ناقابلِ شکست 51 رنز کی اننگز کھیلی

مہمان ٹیم کی طرف سے جانتھ لیاناگے نے 54، کمندو مینڈس نے 44، سدیرا سماراوکرما نے 42 اور ونندو ہسارنگا نے 37 رنز کی اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کو مقررہ 50 اوورز میں 288 کے سکور تک پہنچایا۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 10 اوورز میں تین وکٹیں حاصل کیں لیکن 66 رنز دے کر نسبتاً مہنگے ثابت ہوِئے۔ دوسری جانب ابرار اہم نے ایک بار پھر عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 اوورز میں 41 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔

’لمبی اور سرد رات کے بعد طلوع آفتاب کی طرح لگی‘

یوں تو پاکستان کی طرف سے محمد رضوان اور فخر زمان نے بیٹنگ اور ابرار احمد نے بولنگ کے دوران عمدہ کارکردگی دکھائی لیکن بابر اعظم کی سینچری ایک ایسا لمحہ تھا جس کا شائقین کو کافی مہینوں سے انتظار تھا۔

سوشل میڈیا پر اس وقت سب سے زیادہ بات بابر اعظم اور ان ون ڈے میچز میں ان کی 20ویں سینچری کی ہے ہو رہی ہے۔

شیری نامی ایک صارف نے لکھا کہ: ’83 اننگز کا دباؤ، تنقید اور سوالات – تمام چیزوں کا جواب بابر اعظم نے ایک ورلڈ کلاس سینچری سے دیا۔‘

بابر اعظم کے ایک اور پرستار نے لکھا کہ انھیں بابر اعظم کی سینچری ’لمبی اور سرد رات کے بعد طلوع آفتاب کی طرح لگی۔‘

کچھ صارفین تو اتنے خوش نظر آئے کہ میچ کے اگلے روز چھٹی کا ہی مطالبہ کر بیٹھے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر مدثر نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’بابر اعظم کی سینچری، کل عام تعطیل کا اعلان ہونا چاہیے۔‘

Getty Images

سوشل میڈیا پر دونوں ٹیموں کے کھیل کی بات تو ہو ہی رہی ہے لیکن ایسا معلوم ہوتا ہے کہ پاکستانی فینز اپنی ٹیم کے ساتھ ساتھ مہمان ٹیم کو بھی سپورٹ کر رہے تھے۔

واضح رہے 11 نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والے ایک خودکش دھماکے کے بعد سری لنکا کے کچھ کھلاڑیوں نے سکیورٹی خدشات کے باعث واپس اپنے ملک جانے کا فیصلہ کیا تھا۔ تاہم پاکستانی حکام کی سکیورٹی کو مزید بہتر کرنے کی یقین دہانی کے بعد سری لنکن کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم کو پاکستان کا دورہ جاری رکھنے کی ہدایات دی تھیں۔

یہی وجہ ہے کہ پاکستانی شائقین اپنی ٹیم کے ساتھ ساتھ سری لنکا کو بھی سپورٹ کر رہے ہیں اور ملک میں کرکٹ جاری رکھنے کے لیے ان کے شکر گزار نظر آ رہے ہیں۔

ارفہ فیروز نامی ایک صارف نے اپنی ایک پوسٹ میں لکھا کہ: 'سری لنکا پاکستان میں دوسری سب سے زیادہ پسندیدہ اور سپورٹ کی جانے والی ٹیم بن گئی ہے۔'

'پنڈی میں شائقین نے جس طرح سے سری لنکا کے جھنڈے لہرائے اس کی مثال نہیں ملتی۔'

کئی اور صارفین بھی سٹیڈیم کی ایسی تصاویر لگاتے ہوئے نظر آئے جس میں سری لنکا کے جھنڈے بڑی تعداد میں نظر آ رہے تھے۔

بات کی جائے پاکستانی بولنگ کی تو پاکستانی سوشل میڈیا صارفین ابرار احمد سے بہت متاثر نظر آ رہے ہیں جنھوں نے ایک مرتبہ بھر دیگر بولرز کے مقابلے میں کم رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کی ہیں۔

کرفیو میں پاکستانی ٹیم کی ٹریننگ، تمل ٹائیگرز کا خوف اور رانا ٹنگا کے آنسو: نوے کی دہائی کی یادیں اور ’وہ قرض جو سری لنکا آج چُکا رہا ہے‘سری لنکن ٹیم کے حق میںقرارداد اور فیلڈ مارشل کا تذکرہ: مہمان ٹیم کو دی جانے والی ’صدارتی سکیورٹی‘ کیا ہے؟افغانستان میں کم عمری کی شادی سے یورپ کی بہترین باڈی بلڈر بننے کا سفر: ’لوگوں کو صرف میری بِکنی نظر آتی ہے، اس کے پیچھے برسوں کی مصیبتیں ہیں‘’حارث رؤف میچ ونر ہیں، کبھی پاکستان کے لیے تو کبھی دوسری ٹیموں کے لیے‘آٹھ گیندوں پر آٹھ چھکے اور صرف نو منٹ میں نصف سنچری بنانے والے انڈین کھلاڑی کون ہیں؟
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More