بدنام کرنے پر فیروز خان نے شوبز شخصیات کو نوٹس بھجوا دئیے


پاکستانی اداکار فیروز خان نے اپنے خلاف ٹوئٹس کرنے پر متعدد شوبز شخصیات کو قانونی نوٹس بھجواتے ہوئے 15 دن میں تحریری معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔

جس کی تصدیق فیروز خان نے ٹوئٹ کے ذریعے کی، انہوں نے لکھا کہ ان تمام شخصیات کو قانونی نوٹس بھیج دیا ہے، جنہوں نے ان کے خلاف سوشل میڈیا پر جھوٹی مہم چلائی۔

فیروز خان کے وکیل فائق علی جاگیرانی نے بھی ایک ویڈیو کے زریعے تصدیق کی، اور کہا کہ انہوں نے اداکار کی ہدایت پر متعدد شوبز شخصیات کوفیروز خان کو بدنام کرنے کا قانونی نوٹس بھیج دیا ہے۔

اس فہرست میں ان کی سابق اہلیہ علیزے فاطمہ، آسکر ایوارڈ یافتہ ہدایت کارہ و پروڈیوسر شرمین عبید چنائے، گلوکار عاصم اظہر، اداکار خالد عثمان بٹ، ثروت گیلانی، ہدایت کار مصدق ملک، اداکارہ ایمن خان، منال خان اور اداکارہ میرا سیٹھی کے نام شامل ہیں۔

اداکار کے وکیل کے مطابق  قانونی نوٹس میں تمام شخصیات کو 15 دن کی مہلت دی گئی ہے، جس میں ان سے تحریری معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا ہے، اگر وہ ایسا نہیں کرتے ہیں تو ان پر ہرجانے کا مقدمہ دائر کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: فیروز خان پر بڑا الزام، اہلیہ نے شادی ٹوٹنے کی وجہ بتا دی

درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ مذکورہ شخصیات نے شواہد کے بغیر ہی ان کے مؤکل کے خلاف سوشل میڈیا پر جھوٹی مہم چلائی اور انہیں بدنام کیا۔

جبکہ وکیل نے یہ بھی دعوی کیا ہے کہ  فیروز خان کے خلاف عدالت میں کوئی بھی گھریلو تشدد کا مقدمہ زیر سماعت نہیں ہے۔

واضح رہے فیروز خان اور علیزے فاطمہ نے شادی کے 4 سال بعد ستمبر 2022 میں راہیں جدا کر لی تھیں، اور ان کی اہلیہ نے ان پر گھریلو تشدد کا الزام لگا کر سوشل میڈیا پر تصاویر بھی شئیر کی تھیں۔

علیزے نے اپنی انسٹا پوسٹ میں لکھا تھا کہ انہیں اس رشتے میں بے وفائی اور بلیک میلنگ کا بھی سامنا کرنا پڑا، اور بہت سوچنے کے بعد میں اس نتیجے پر پہنچی ہوں کہ میں اپنی پوری زندگی اس خوفناک ماحول میں نہیں گزار سکتی، میں نہیں چاہتی کہ میرے بچے ایسے تشدد زدہ ماحول میں پرورش پائیں، میرے بچوں کی بھلائی کیلئے یہ فیصلہ اہم تھا۔  میں اپنے بچوں کو سکھاؤں گی کہ کوئی زخم اتنا گہرا نہیں ہوتا کہ بھر نہ سکے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Syeda Aliza Sultan (@alizasultankhan)


جس کے بعد کئی نامور ستاروں نے فیروز خان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا، اور ان سے لاتعلقی کا اظہار بھی کیا۔ یاد رہے فہروز خان اور علیزے فاطمہ کے دو بچے ہیں، جو اس وقت والدہ کے پاس ہیں۔


متعلقہ خبریں