Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

علیم ڈار مستعفی، احسن رضا آئی سی سی امپائرز کے ایلیٹ پینل میں شامل

علیم ڈار آئی سی سی کے ایلیٹ پینل میں شامل ہونے والے پہلے پاکستانی امپائر تھے۔ (فوٹو: روئٹرز)
پاکستان کے لیجنڈری کرکٹ امپائر علیم ڈار نے آئی سی سی ایلیٹ پینل سے استعفی دے دیا ہے۔
آئی سی سی نے علیم ڈار کے مستعفی ہونے کے بعد پاکستانی امپائر احسن رضا کو ایلیٹ پینل میں شامل کر لیا ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق ’علیم ڈار کے مستعفی ہونے کے بعد پاکستان کے احسن رضا اور جنوبی افریقہ کے ایڈرین ہولڈ سٹاک کو 24-2023 کے لیے ایلیٹ پینل میں شامل کر لیا گیا ہے۔‘
احسن رضا اور ایڈرین ہولڈ سٹاک کی ایلیٹ پینل میں شمولیت کے بعد پینل کی تعداد 11 سے بڑھ کر 12 ہو گئی ہے۔
آئی سی سی کے جنرل مینیجر کرکٹ وسیم خان کی سربراہی میں آئی سی سی ایلیٹ پینل سلیکشن کمیٹی نے دو نئے امپائرز کی منظوری دی۔
احسن رضا اب تک انٹرنیشنل کرکٹ میں سات ٹیسٹ، 41 ون ڈے اور 48 ٹی20 میچز میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دے چکے ہیں، جبکہ ایڈرین ہولڈ سٹاک نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر میں پانچ ٹیسٹ، 42 ون ڈے اور 48 ٹی20 میچز میں امپائرنگ کی ہے۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ’انٹرنیشنل کرکٹ میں ممتاز امپائرز میں سے ایک علیم ڈار نے مجموعی طور پر 435 انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کے فرائض سر انجام دیے۔‘
انہوں نے اپنا انٹرنیشنل ڈیبیو 2000 میں کیا جس کے بعد امپائرنگ کی دنیا میں وہ تیزی سے ابھرے۔
سنہ 2002 میں آئی سی سی نے علیم ڈار کو اپنے انٹرنیشنل پینل آف امپائر میں شامل کیا جس کے بعد وہ 2004 میں آئی سی سی کے ایلیٹ پینل میں شامل ہو گئے۔
صوبہ پنجاب کے ضلع جھنگ سے تعلق رکھنے والے علیم ڈار آئی سی سی کے ایلیٹ پینل میں شامل ہونے والے پہلے پاکستانی امپائر تھے۔
انہوں نے 2006 کی چیمپیئنز ٹرافی، 2007 اور 2011 کے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل کے ساتھ ساتھ 2010 اور 2012 کے ٹی20 ورلڈ کپ فائنل میں بھی امپائرنگ کے فرائض سرانجام دیے۔
54 سالہ علیم ڈار نے 2009، 2010 اور 2011 میں تین مرتبہ لگاتار آئی سی سی امپائر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی اپنے نام کیا۔
 

شیئر: