Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سیٹ پر نخرے‘، فرحان سعید عروہ حسین کی حمایت میں بول پڑے

ہدایتکار ندیم بیگ نے ایک شو میں کہا تھا کہ ’عروہ ڈانس سٹیپس میں خون کے آنسو رُلاتی ہیں‘ (فوٹو: انسٹاگرام)
گزشتہ کچھ عرصے سے یہ خبریں بہت وائرل ہوئیں کہ اداکار فرحان سعید اور عروہ حسین کے تعلقات خراب ہیں بلکہ یہ بھی کہا گیا کہ دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی ہے۔ ان خبروں کے بعد کئی بار دونوں نے مختلف تقاریب میں شرکت کی لیکن ایک دوسرے سے علیحدہ ہی نظر آئے تاہم اب ایسا لگ رہا ہے کہ دونوں کے درمیان معاملات بہتر ہو رہے ہیں۔
گزشتہ دنوں فہد مصطفی کے پروگرام میں ہدایتکار ندیم بیگ اور نبیل قریشی کو مدعو کیا گیا تھا جس میں میزبان کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر ندیم بیگ نے کہا کہ ’سیٹ پر سب سے زیادہ نخرے عروہ کے ہوتے ہیں‘ جبکہ دوسرے سوال پر انہوں نے کہا کہ عروہ ڈانس سٹیپس میں خون کے آنسو رُلاتی ہیں۔
جمعے کو عروہ حسین نے انسٹاگرام پر ایک طویل پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ بہت بدقسمتی کی بات ہے کہ ہمارے ٹی وی شوز کے فارمیٹس ایسے ہیں کہ انڈسٹری کے ہر ممبر کو ریٹنگ کی خاطر تفریح کے لیے دوسرے  فنکار کو نیچا دِکھانا پڑتا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ندیم بھائی اور میں نے مِل کر صرف ایک پروجیکٹ کیا ہے اور اس میں بھی گانا ’لک ہلنا‘ کے بارے میں ایک پوائنٹ پر اختلاف تھا لیکن مجھے ایسا لگا کہ وہ سُننے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ میں اس بات سے بہت دُکھی ہوں کہ کس طرح میری شخصیت کو محض سیٹ پر بحث کرنے کے لیے غلط طریقے سے پیش کیا جا رہا ہے۔‘
عروہ کا دل دُکھا تو فرحان سعید سے بھی چُپ نہ رہا گیا اور عروہ کی انسٹا پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے اقبال کا شعر لکھ ڈالا کہ ’تُو شاہین ہے بسیرا کر پہاڑوں کی چٹانوں پر۔‘
اسی ہفتے ایک ٹی وی شو میں اداکار محب مرزا اور کرکٹر یونس خان کے درمیان بھی گرما گرمی دیکھنے میں آئی۔ پروگرام میں کرکٹ پر بحث کے دوران سابق کرکٹر یونس خان نے اداکار محب مرزا سے سخت لہجے میں بات کی اور ساتھ ہی انہیں خبردار کیا کہ وہ آئندہ کسی پروگرام میں کسی سینیئر کھلاڑی کو بات کرنے سے روکنے کی کوشش نہ کریں ورنہ انہیں ’تھپڑ  بھی پڑ سکتا ہے۔‘
محب مرزا کی جانب سے روکے جانے کے باوجود یونس خان نے اپنی بات جاری رکھی لیکن محب مرزا نے معاملے کو مذاق کا رنگ دے ختم تو کر دیا مگر اداکارہ منشا پاشا خاموش نہ رہ سکیں۔
منشا پاشا نے اپنی سوشل پوسٹ میں اداکاروں، کھلاڑیوں اور ٹی وی میزبانوں کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’ایک دوسرے پر تنقید کرنا چھوڑ دیں، جب آپ لوگ ایک دوسرے کی عزت کریں گے، تبھی دنیا آپ لوگوں کی عزت کرے گی۔‘

تقریب میں ملالہ کی شرکت سے لے کر ان کے لباس تک پر تبصرہ کیا جا رہا ہے (فوٹو: انسٹاگرام)

شوبز کی دنیا کا سب سے بڑا فلمی میلہ آسکر

آسکر فلمی دنیا کا ایسا میلہ ہے جس کا انتظار دنیا بھر کے فلمی شائقین کو رہتا ہے۔ اگر پاکستان کی بات کریں تو آسکر ایوارڈز میں اس سال ملالہ یوسفزئی نے تمام پاکستانیوں کی توجہ اپنی جانب منبدول کر لی ہے۔
تقریب میں ملالہ کی شرکت سے لے کر ان کے لباس تک پر تبصرہ کیا جا رہا ہے۔
ملالہ نے آسکر کے لیے سلور گاؤن کا انتخاب کیا تھا اور اُن کے علاوہ پرینکا چوپڑا، شرمین عبید چنائے، جوائے لینڈ کی اداکارہ علینا خان، ہدایتکار صائم صادق سمیت دیگر شریک تھے۔ 
ملالہ اُس وقت زیادہ لوگوں کی توجہ کا سبب بنیں جب تقریب میں وقفے کے دوران میزبان جمی کیمل نے ان سے ایک متنازع سوال کیا لیکن ملالہ نے اپنی حاضر دماغی سے خوبصورت جواب دے کر معاملہ ختم کر دیا بعدازاں ملالہ کی ایک اور ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ان کے انگریزی ایکسنٹ کا مذاق اڑایا گیا۔
اداکارہ نادیہ جمیل اور اداکار عثمان مختار کی اہلیہ زنیرہ انعام نے ملالہ کا مذاق اُڑانے والے ان تمام صارفین کو احساسِ کمتری کا شکار‘ قرار دے دیا۔
ملالہ یوسفزئی اکیڈمی ایوارڈز کے لیے نامزد پاکستانی فلم ’جوائے لینڈ‘ کی پروڈیوسر ہیں جسے حتمی نامزدگیوں میں شامل نہیں کیا گیا تھا، اس کے علاوہ ہالی ووڈ کی دستاویزی فلم ’سٹرینجر ایٹ دی گیٹ‘ کی شریک پروڈیوسر بھی ہیں۔
دستاویزی فلم کی بات کریں تو نیٹ فلکس نے انڈیا کے مشہور و معروف گلوکاریو یو ہنی سنگھ کی زندگی پر مبنی دستاویزی فلم بنانے کا اعلان کیا ہے۔
موزیز سنگھ کی ہدایت کاری میں بننے والی اس دستاویزی فلم کو حال ہی میں آسکر ایوارڈ یافتہ گنیت مونگا نے پروڈیوس کیا ہے۔ یو یو ہنی سنگھ پر بننے والی دستاویزی فلم اِس سال کے آخر میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

صبا قمر کا ڈرامہ ’سرِ راہ‘ کے بعد نیا پروجیکٹ کون سا؟


’سرِ راہ‘ کے بعد اب صبا قمر اداکارہ جگن کاظم اور رابعہ بٹ کے ساتھ ڈرامہ سیریل ’گناہ‘ میں نظر آئیں گی (فوٹو: انسٹاگرام)

اداکارہ صبا قمر کا حال ہی میں اختتام ہونے والے ڈرامے ’سرِ راہ‘ کو شائقین میں بہت پذیرائی ملی۔ یہ ایک منفرد طرز کا ڈرامہ تھا جو صرف سات اقساط پر مبنی تھا جس میں مختلف پیغامات دیے گئے جن میں صنفی مساوات، خواتین کو بااختیار بنانا اور بانجھ پن جیسے مسائل پر روشنی ڈالی گئی۔
’سرِ راہ‘ کے بعد اب صبا قمر اداکارہ جگن کاظم اور رابعہ بٹ کے ساتھ ڈرامہ سیریل ’گناہ‘ میں نظر آئیں گی۔
رمضان المبارک کے خصوصی ڈراموں کی فہرست میں ایک اور ڈرامے کا اضافہ ہوا ہے جس کا نام ’جنجال پورہ‘ ہے۔ اس ڈرامے میں اداکار عمران اشرف اور امر خان نظر آئیں گی۔
ڈرامے کی عکس بندی لاہور میں کی گئی تھی جبکہ اسے امر خان نے لکھا ہے اور صائمہ وسیم اس کی ہدایت کار ہیں۔

گلوکارہ آئمہ بیگ برہم کیوں؟

پاکستانی گلوکارہ آئمہ بیگ نے پہلے پیار سے متعلق اپنے بیان کی سرخی لگانے پر ایک فیشن میگزین کو ’زرد صحافت کا مرتکب‘ قرار دیتے ہوئے سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

آئمہ بیگ نے اُن کنسرٹ منتظمین پر بھی سخت تنقید کی تھی جو ان کا نام استعمال کرکے ٹکٹ بیچ رہے تھے (فوٹو: انسٹاگرام)

آئمہ بیگ نے انسٹاگرام پر اپنی سٹوری میں لکھا کہ ’میں ایسی گھناؤنی حرکت پر سرعام معافی کا مطالبہ کرتی ہوں۔ مجھ پر گھناؤنا الزام اور اس بیہودہ خبر کے بارے میں ان تمام ناپسندیدہ اور گھٹیا پوسٹوں کو ہٹا دیں۔‘
چند روز قبل آئمہ بیگ نے ان کنسرٹ منتظمین پر بھی سخت تنقید کی تھی جو ان کا نام استعمال کرکے ٹکٹ بیچ رہے تھے۔
آئمہ بیگ نے دعویٰ کیا کہ وہ پیمنٹ نہ ہونے کی وجہ سے پاک فیسٹ کے کنسرٹ میں جانے سے انکار کرچکی تھیں لیکن پھر بھی ان کے نام پر ایونٹ کے ٹکٹ فروخت کیے گئے۔

شیئر: