Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران نیازی کی ایما پر آرمی چیف کے خلاف نفرت انگیز مہم چلائی جا رہی ہے: شہباز شریف

وزیراعظم نے کہا کہ ’عمران خان اداروں اور ان کے سربراہوں کو اپنی گندی سیاست میں گھسیٹ کر آئین شکنی کر رہے ہیں۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’پی ٹی آئی عمران نیازی کی ایما پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی کردار کشی کے لیے نفرت انگیز مہم چلا رہی ہے جس کی سختی سے مذمت کرنے کی ضرورت ہے۔‘
پیر کو ایک ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’یہ آدمی نیازی طاقت کے حصول، ہماری مسلح افواج اور اس کی قیادت کی کردار کشی اور ملک کو نقصان پہنچانے کے لیے پستی کی انتہا پر پہنچ رہا ہے۔‘
اس سے قبل وزیراعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ ’وزیراعظم شہباز شریف نے فوج اور اس کے سربراہ کے خلاف بیرون ملک غلیظ مہم کی شدید مذمت کی ہے۔‘
بیان کے مطابق ’آرمی چیف کے خلاف مہم ناقابل برداشت اور اداروں کے خلاف سازش کا تسلسل ہے۔ بیرون ملک محب وطن پاکستانی فارن فنڈڈ مہم کے خلاف آواز بلند کریں۔‘
زہریلی سیاست کو بیرون ملک پاکستانیوں کے ذریعے پھیلا رہے ہیں۔ بیرون ملک پاکستانی اس سازش کا حصہ نہ بنیں۔ عمران خان اداروں اور ان کے سربراہوں کو اپنی گندی سیاست میں گھسیٹ کر آئین شکنی کر رہے ہیں۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’وزیر داخلہ ملک کے اندر اداروں کے خلاف غلیظ مہم چلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں۔ پاکستان میں افراتفری، فساد اور بغاوت کو ہوا دینے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔‘
تاریخ میں پہلی بار میرٹ پر لگنے والے آرمی چیف کے خلاف مہم ملک دشمنوں کا ایجنڈا ہی ہو سکتا ہے۔ قوم اپنے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے، شرپسندوں کے خلاف متحد ہے۔‘
وزیراعظم کا بیان عوام اور فوج کے درمیان فاصلے پیدا کرنے کی کوشش
وزیراعظم کے بیان کے ردعمل میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے ان کا بیان بنیادی طور پر عوام اور فوج کے درمیان فاصلے پیدا کرنے کی ایک کوشش ہے۔
پیر کو لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ’ہم آرمی چیف کا احترام کرتے ہیں۔ تحریک انصاف نے کبھی آرمی کے خلاف مہم نہیں چلائی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’کوئی مہم نہ ہم نے کی ہے اور نہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ہم نے تحمل کا مظاہرہ کیا ہے اور آگے بھی کریں گے۔‘
فواد چوہدری کے مطابق ’عمران خان سمجھتے ہیں کہ اگر فوج کمزور ہوتی ہے، آرمی چیف کا انسٹی ٹیوشن کمزور ہوتا ہے تو فوج کمزور ہوتی ہے اور فوج کمزور ہوتی ہے تو ملک کمزور ہوتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جنرل عاصم سے یہ امید رکھتے ہیں کہ وہ الیکشن کمیشن اور پاکستان کی درخواست کو مانیں گے اور پرامن انتخابات کروا کر دیں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’توقع ہے کہ شفاف انتخابات کے لیے مدد کر کے سیاست معمول پر لانے میں کردار ادا کریں گے۔‘

شیئر: