Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں تیندوے کو 9 گولیاں مار کر ہلاک کر دیا گیا

ایکسرے رپورٹ کے مطابق تیندوے کو 9 گولیاں ماری گئیں۔ فوٹو: اسلام آباد وائلڈ لائف
اسلام آباد کے مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں تیندوے کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔  
اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ مارگلہ ہلز نیشنل پارک کی وادی شاہدرہ میں ایک اور تیندوے کی موت واقع ہوئی ہے۔
ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق تیندوے کی ہلاکت گولیاں لگنے سے ہوئی ہے۔ 
ممبر اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ ڈاکٹر طارق محمود نے اردو نیوز کو بتایا کہ مقامی نوجوان محمد جنید نے مردہ تیندوے کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی تھی جس سے اس کی موت کا پتہ چلا۔  
ان کے مطابق وائلد لائف بورڈ نے آج پیر کی صبح تیندوے کی لاش تلاش کی اور ایکسرے کرواتے ہوئے میڈیکل رپورٹ مرتب کی۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق تیندوے کو نو گولیاں ماری گئی ہیں اور ایکسرے میں ان گولیوں کو دیکھا جا سکتا ہے۔  
طارق محمود نے بتایا کہ مرے ہوئے تیندوے کی ویڈیو بنانے والے مقامی شخص محمد جنید سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ ان کی معلومات کی روشنی میں اسلام آباد میں مقدمہ بھی درج کرایا جائے گا۔ 
انھوں نے کہا کہ ابھی تک تیندوے کی عمر کا تعین نہیں کیا جا سکا اور نہ ہی مارگلہ ہلز میں نصب کیمروں کی ریکارڈنگ دیکھی جا سکی ہے جن کے ذریعے اس تیندوے کی موجودگی کا علم ہو سکے۔
خیال رہے کہ دسمبر 2022 میں بھی مارگلہ کی پہاڑیوں میں ایک تیندوہ مردہ حالت میں پایا گیا تھا۔ اس کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سے معلوم ہوا تھا کہ وہ اونچائی سے گرنے کے باعث ہلاک ہوا۔ 
اس سے قبل ٹیکسلا کے قریب ایک تیندوے کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔  
خیال رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی جانب سے مارگلہ کی پہاڑیوں پر لگائے کیمروں کے ذریعے تیندووں کی موجودگی کا پتا چل رہا تھا۔ ان تیندووں کو نیشنل پارک کے ایکو سسٹم کے لیے خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ تیندوے اکثر اوقات اسلام آباد کے ٹریل فائیو اور ارد گرد کے علاقوں میں نظر آتے رہے ہیں۔ اسی وجہ سے شہریوں کو شام کے بعد اور اکیلے ٹریلز پر جانے سے منع کیا جاتا ہے۔

شیئر: