Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اظہر مشوانی گھر واپس آگئے، ’کسی قسم کی کوئی بات نہیں کریں گے‘

سنیچر کو لاہور میں اظہر مشوانی کے بھائی کی مدعیت میں ان کی گمشدگی کی ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ (فائل فوٹو: فیس بُک)
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سوشل میڈیا ٹیم کے ’گمشدہ‘ سربراہ اظہر مشوانی اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔
جمعے کو اپنی ایک ٹویٹ میں تحریک انصاف کے کارکن اظہر مشوانی نے لکھا کہ ’الحمدللہ میں ابھی بخیر و عافیت گھر واپس پہنچ چکا ہوں۔ ان آٹھ دنوں میں آپ کی دعاؤں، کاوشوں اور تعاون نے تاعمر کے لیے ہمیں مقروض کر دیا ہے۔ جزاک اللہ  دعا ہے کہ ہمارے دیگر اسیر کارکنان بھی جلد اپنی فیملیز کے ساتھ افطاری کریں۔‘

’غائب رہنے سے متعلق کچھ نہیں بتایا‘

ان کے بھائی ظہور مشوانی نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ’اظہر گھر واپس پہنچ گئے ہیں اور بالکل خیریت سے ہیں۔‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ ان کے اچانک غائب ہونے کی وجہ کیا تھی؟ تو انہوں نے اس بارے میں بات کرنے سے صاف انکار کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم اس بارے میں کسی قسم کی کوئی بات نہیں کریں گے۔ صرف اتنا بتا سکتے ہیں کہ وہ خود گھر آئے ہیں اور وہ بالکل تندرست ہیں۔ انہوں نے ہمیں اپنے غائب رہنے سے متعلق کچھ نہیں بتایا اور نہ ہم نے پوچھا ہے. ہمارے لیے صرف یہ کافی ہے کہ وہ گھر واپس آ گئے ہیں۔‘
اظہر مشوانی سے رابطے کی کوشش کی گئی تاہم وہ دستیاب نہیں تھے۔

اظہر مشوانی کی اہلیہ نے چیف جسٹس آف پاکستان کو ایک خط لکھا تھا جس میں ازخود نوٹس لینے کی اپیل کی گئی تھی۔ (فائل فوٹو: اے پی)

سنیچر کو لاہور کے تھانہ گرین ٹاؤن میں اظہر مشوانی کے بھائی کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔
ایف آئی آر میں اظہر مشوانی کے بھائی مظہر الحسن نے موقف اختیار کیا کہ ’جمعرات کو دن پونے تین بجے اظہر قاضی کریم ٹیکسی پر اپنے گھر ٹاؤن شپ سے  زمان پارک کے لیے نکلا اور پھر تھوڑی دیر بعد اس کا نمبر بند ہو گیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس کے بعد کوشش کے باوجود اظہر قاضی کا کوئی پتا نہ چل سکا۔ سائل کو قومی شبہ ہے کہ اظہر قاضی کو نامعلوم اشخاص نے جانی نقصان کی خاطر اغوا کر لیا ہے۔‘
سوشل میڈیا پر انتہائی متحرک اظہر مشوانی کا نمبر جمعے کو مختلف واٹس ایپ گروپس سے اچانک نکلنا شروع ہو گیا اور بعد میں ان کا واٹس ایپ نمبر بھی ڈی ایکٹیویٹ ہو گیا تھا۔
ان کی اہلیہ نے چیف جسٹس آف پاکستان کو ایک خط لکھا تھا جس میں ازخود نوٹس لینے کی اپیل کی گئی تھی۔

شیئر: