Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایرانی سرحد کے پار سے دہشت گردوں کا حملہ، چار اہلکار جان سے گئے

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ’دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے لیے ایرانی حکام سے رابطہ کیا گیا ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان سے متصل ایرانی سرحد کے پار سے دہشت گردوں کے ایک حملے میں چار فوجی اہلکاروں کی جان چلی گئی۔
سنیچر کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ ’پاکستان ایران سرحد کے ضلع کیچ کے جالگئی سیکٹر میں معمول کی گشت کے دوران ’دہشت گردوں کے ایک گروہ نے سرحد پار سے حملہ کیا۔‘
’حملے میں نائیک شیر محمد، لانس نائیک محمد اصغر، سپاہی عرفان اور سپاہی عبدالرشید شدید زخمی ہوگئے اور بعد میں جان کی بازی ہار گئے۔‘
بیان کے مطابق اس حوالے سے  دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائی کے لیے ایرانی حکام کے ساتھ رابطہ کیا گیا تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔
خیال رہے کہ رواں سال جنوری میں بھی بلوچستان کے ضلع پنجگور میں ایرانی سرزمین سے پاکستانی سکیورٹی فورس پر حملہ کیا گیا تھا جس میں چار پاکستانی فوجی جان گنوا بیٹھے تھے۔
ایران کے علاقے سے پاکستانی فوجی اہلکاروں پر ہونے والے گذشتہ حملے کے بعد بھی پاکستان کے دفتر خارجہ نے ایرانی حکام سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور ایرانی سفیر کو طلب کر کے تشویش کا اظہار کیا تھا۔
اس موقعے پر دفتر خارجہ کی جانب سے ایک احتجاجی مراسلہ بھی ایرانی سفیر کے حوالے کیا گیا تھا جس میں پاکستان کی جانب سے دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کے ساتھ ایران سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے۔

شیئر: