Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اوم شانتی اوم‘ میں شاہ رخ خان کے ساتھی اداکار نتیش پانڈے کی ’پراسرار موت‘

نتیش پانڈے کی موت کے حوالے سے ہوٹل کے عملے اورقریبی ساتھیوں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ (فوٹو: مسالہ)
اوم شانتی اوم میں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے والے اداکار نتیش پانڈے 50 سال کی عمر میں چل بسے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق اداکار ریاست مہاراشٹرا کے ہوٹل میں مُردہ پائے گئے۔ اُن کی عمر 50 سال تھی۔
نتیش پاںڈے جو کہ اگت پوری میں شوٹنگ کر رہے تھے، اُنہیں وہاں دل کا دورہ پڑا۔
ان کی موت کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی ہے۔ پولیس تحقیقات جاری ہیں جب کہ پوسٹ مارٹم کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
اسی حوالے سے ہوٹل کے عملے اور اداکار کے قریبی ساتھیوں سے پوچھ گچھ بھی کی جا رہی ہے۔
اداکار کو 2007 میں شاہ رخ خان کی سپر ہٹ فلم ’اوم شانتی اوم‘ سے شہرت ملی جہاں انہوں نے سپرسٹار کے اسسٹنٹ کا کردار ادا کیا تھا۔
انجہانی اداکار کے سالے سدھارتھ نگر نے ای ٹائمز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے بہنوئی ہم میں نہیں رہے۔ میری بہن ارپتا سکتے میں ہیں۔ ہم بالکل سُن ہوگئے ہیں۔ وہ بہت زندہ دل انسان تھے۔ مجھے نہیں لگتا انہیں کوئی دل کا عارضہ لاحق تھا۔‘
نتیش پانڈے ٹی وی اور فلموں کے جانے پہچانے اداکار تھے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 90 کی دہائی میں تھیٹر سے کیا اور پھر ٹی وی شو ’تیجاز‘ میں انہوں نے کھوجی کا کردار ادا کیا۔
انہوں نے ٹی وی پر ’استِتوا اک پریم کہانی‘، ’منزلیں اپنی اپنی‘، ’سایہ‘ سمیت کئی ڈراموں میں اداکاری کی۔
اگر فلموں کی بات کی جائے تو وہ اوم شانتی اوم کے علاوہ ’بدھائی ہو‘، ’شادی کے سائیڈ افیکٹس‘، ’رنگوں‘، اور ’کھوسلہ کا گھونسلہ‘ میں کام کر چکے ہیں۔

شیئر: