Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دل کے ہزاروں آپریشن کرنے والے انڈیا کے مشہور ڈاکٹر ہارٹ اٹیک سے چل بسے

ڈاکٹر گورو گاندھی نے 16 ہزار سے زائد دل کے آپریشنز کیے تھے (فوٹو: انڈیا ٹوڈے)
انڈیا میں دل کے ہزاروں آپریشنز کرنے والے ڈاکٹر گورو گاندھی دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کے مطابق گجرات کے شہر جام نگر کے جانے پہچانے 41 سالہ کارڈیولوجسٹ ڈاکٹر گورو گاندھی منگل کی صبح اپنے گھر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔
انڈین میڈیا کے مطابق ڈاکٹر گورو گاندھی نے 16 ہزار سے زائد دل کی سرجریز کی تھیں۔
ان کی آخری رسومات میں سینکڑوں سوگواران نے شرکت کی اور جن کی جانب سے ہزاروں آپریشنز کرنے پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
گُرو گوندسنھ گورنمنٹ ہسپتال جہاں ڈاکٹر گورو گاندھی کام کرتے تھے، وہاں ذمہ داریاں نبھانے والے ڈاکٹر ایچ کے واسا ودا کہتے ہیں کہ ’کارڈیولوجسٹ ڈاکٹر گاندھی کو علاج کے دوران ہسپتال میں دل کا دورہ پڑا جہاں اُن کی موت ہوگئی۔انہوں نے بڑی تعداد میں دل کے آپریشن کیے۔‘
ڈاکٹر گاندھی کے عزیز و اقارب کا کہنا ہے کہ وہ نجی ہسپتال میں مریضوں کو دیکھنے کے بعد پیر کی رات گھر پہنچے۔ انہوں نے رات کا کھانا کھایا اور سو گئے۔
جب ان کے گھر والوں نے صبح انہیں بے ہوش پایا تو ایمبولینس بلائی، انہیں جی جی ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے۔
ڈاکٹروں کے مطابق ان کی موت دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی۔
سنہ 1982 میں پیدا ہونے والے ڈاکٹر گاندھی ایک معروف ہارٹ سرجن تھے جو سینکڑوں کی تعداد میں انجیو گرافی اور سرجریز کرنے کے لیے مشہور تھے۔
اُن کے قریبی افراد کا کہنا ہے کہ وہ تندرست تھے، کرکٹ کھیلتے تھے اور باقاعدگی سے جِم جاتے تھے۔

شیئر: