یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ کی برسلز میں پاکستانی بزنس اور فنانس پروفیشنلز سے ملاقات

اے پی پی  |  May 03, 2024

برسلز۔3مئی (اے پی پی):یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ نے جمعہ کو برسلز میں بیلجیئم اور لکسمبرگ کے پاکستانی بزنس اور فنانس پروفیشنلز سے ملاقات کی۔ پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفد میں ایف سی اے چیئرمین لکسمبرگ انٹرویسٹ کیپٹل پارٹنرز شکیل احمد، اے سی اے سیکرٹری لکسمبرگ ارنسٹ اینڈ ینگ عبداللہ سرور اور اے سی اے بیلجیئم کی ممبر حرا محمود شامل تھیں۔

سفیر آمنہ بلوچ نے معیشت کی ترقی میں پاکستانی چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس اور فنانس ماہرین کے اہم کردار کو سراہا۔ انہوں نے انسی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکائونٹس آف پاکستان کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی باقاعدہ ملاقات اور بات چیت سے خیالات اور مواقع کا اشتراک کرنے میں مدد ملے گی جو سفارتخانے کے مقصد کو بھی آگے بڑھاتی ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ آج کی بات چیت بیلجیئم اور لکسمبرگ میں سفارتخانے اور پاکستانی فنانس پروفیشنلز کے درمیان مستقبل میں تعاون کا باعث بنے گی۔ اس موقع پر مندوبین نے سفارتخانے کی طرف سے دی جانے والی دعوت اور تعاون پر سفیر کا شکریہ ادا کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More