رفح پر اسرائیلی حملہ خون کی ہولی کا باعث بن سکتا ہے، ڈائریکٹر ڈبلیو ایچ او

اے پی پی  |  May 04, 2024

جنیوا۔4مئی (اے پی پی):ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرلٹیڈرس گیبرییسوس نے خبردار کیا ہے کہ جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر رفح پر اسرائیلی فوجی حملہ خون کی ہولی کا باعث بن سکتا ہے۔العربیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ جلد از جلد جنگ بندی کی جائے۔انہوں نے ایکس پر کہا کہ عالمی ادارہ صحت کو اس بات پر شدید تشویش ہے کہ رفح میں بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن خون کی ہولی کا باعث بن سکتا ہے اور پہلے سے تباہ ہوئے نظامِ صحت کو مزید کمزور کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں 1.2 ملین سے زیادہافراد نے پناہ لے رکھی ہے جن میں سے بہت سے لوگ دوسری جگہ منتقل نہیں ہو سکتے۔

نقل مکانی کی ایک نئی لہر بھیڑ بھاڑ کو بڑھا دے گی اور خوراک، پانی، صحت اور صفائی کی خدمات تک رسائی کو کم کر دے گی۔ اس کے نتیجے میں بیماریوں کے پھیلاؤ اور بھوک میں اضافہ ہوگا اور مزید جانیں ضائع ہوجائیں گی۔جہاں تک صحت کے نظام کا تعلق ہے اس وقت بنیادی صحت کی دیکھ بھال کے مراکز میں سے صرف 30 فیصد اور غزہ کے 36 ہسپتالوں میں سے صرف 33 فیصد کام کر رہے ہیں ۔ یہ فعال سہولیات بھی جزوی طور پر کام کر رہی ہیں۔ بار بار ہونے والے حملوں کی وجہ سے ان رہے سہے مراکز صحت میں بھی اہم طبی سامان کا فقدان ہے۔ روشنی اور ایندھن کی کمی کے ساتھ ساتھ طبی عملے کی بھی شدید قلت ہے۔

ہنگامی تیاری کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر تنظیم اور اس کے شراکت دار صحت کی خدمات کو تیزی سے بحال کرنے اور اسے دوبارہ فعال کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ایسا کرنے کے لیے متعدد ذرائع پر انحصار کیا جارہا۔ مثال کے طور پر خدمات کے دائرہ کار کو بڑھانے اور سپلائیز کی پہلے سے تیاری کرنے پر کام جاری ہے لیکن پہلے سے ہی خستہ حال صحت کے نظام کے تناظر میں رفح میں کسی آپریشن سے انفیکشن اور اموات میں نمایاں اور تیزی سے اضافہ ہوگا۔

اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور کے ترجمان جینز لایرکے نے جنیوا میں کہا کہ انسانی نقصانات کے علاوہ یہ حملہ پوری غزہ کی پٹی میں انسانی بنیادوں پر کی جانے والی کارروائیوں کے لیے ایک زبردست دھچکا ثابت ہو گا۔ رفح کراسنگ ہی انسانی بنیادوں پر کارروائیوں کا مرکز ہے۔ہنگامی منصوبوں اور کوششوں کے باوجود عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ فوجی مداخلت کی صورت میں بڑی تعداد میں اموات اور بیماریاں متوقع ہیں۔ عالمی ادارہ صحت فوری اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کرتا اور غزہ اور اس کے آس پاس فوری انسانی امداد کی ترسیل میں رکاوٹوں کو دور کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More