رام اللہ ۔7مئی (اے پی پی):غزہ کی وزارتِ صحت نے کہا کہ اسرائیل کی غزہ میں جاری جنگ کے دوران فلسطینی علاقے میں کم از کم 34,735 افراد شہید ہو چکے ہیں۔العربیہ کے مطابق وزارت کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس تعداد میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والی کم از کم 52 اموات شامل ہیں۔ نیز وزارت نے کہا کہ سات اکتوبر کے حملے کے بعد سے جنگ میں غزہ کی پٹی میں 78,108 افراد زخمی ہوئے ہیں۔واضح رہے اسرائیل نے پیر کے روز فلسطینیوں سے رفح کے کچھ حصوں کو خالی کر دینے کا کہا جو بظاہر جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر میں حماس کے ٹھکانوں پر حملے کی تیاری کے لیے ہے۔ اس علاقے میں حملے کے لیے اسرائیل طویل عرصے سے دھمکی دیتا آیا ہے جہاں جنگ سے بے گھر ہونے والے دس لاکھ سے زیادہ لوگ پناہ گزین ہیں۔