اسلام آباد۔15مئی (اے پی پی):چیٹ جی پی ٹی بنانے والی کمپنی ’’اوپن اے آئی‘‘نے چھ نئے فیچرز کے ساتھ چیٹ جی پی ٹی کا نیا ورژن متعارف کروا دیا۔ چیٹ جی پی ٹی کے نئے ورژن میں مصنوعی ذہانت کا چیٹ بوٹ بھی شامل کیا گیا ہے، اسے ’’چیٹ جی پی ٹی فور او‘‘ کا نام دیا گیا ہے اور اسے چیٹ جی پی ٹی کے تمام صارفین کے ساتھ ساتھ اس کے ورژن کے نان سبسکرائبرز بھی استعمال کر سکیں گے، چیٹ جی پی ٹی کا یہ ورژن پہلے ورژن سے زیادہ تیز ہے اور اس چیٹ بوٹ میں آواز کو بھی شامل کیا گیا ہے جو کبھی کبھی آپ کے ساتھ فلرٹ بھی کر سکتی ہے۔بی بی سی اردو کے مطابق چیٹ جی پی ٹی کا نیا ورژن نہ صرف تصاویر کے عنوانات کو پڑھ کر اُن پر بحث کر سکتا ہے بلکہ مختلف زبانوں کا ترجمہ کرنے کے ساتھ ساتھ تصاویر کے ظاہری تاثرات سے جذبات کا اندازہ بھی لگا سکتا ہے، اس میں میموری یعنی یاداشت کا فیچر بھی متعارف کروایا گیا ہے تاکہ یہ پہلے دیے گئے جوابات کو بھی یاد رکھ سکے۔چیٹ جی پی ٹی کے نئے ورژن کے لائیو ڈیمو کے دوران اس نے ریاضی کی سوالات کو حل کرنے کی بجائے اس کے حل کے آسان طریقے تجویز کئے۔چیٹ جی پی ٹی کے نئے ورژن نے چند کمپیوٹر کوڈز کا بھی تجزیہ کیا، اطالوی زبان سے انگریزی زبان میں ترجمہ کیا اور ایک مسکراتے شخص کی سیلفی سے اس شخص کے جذبات کا بھی اندازہ لگایا، اس فیچر نے امریکی خاتون کی آواز میں گرمجوشی سے صارفین کا استقبال کرتے ہوئے اُن کا حال احوال پوچھا۔اوپن اے آئی کمپنی کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر میرا موراتی نے جی پی ٹی فور او کو ’جادوئی‘ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ اس چیٹ بوٹ میں جذبات کے اظہار اور بات چیت کے لیے دلچسپ الفاظ کا ذخیرہ استعمال کیا گیا ہے، یہ ٹیکنالوجی مزید بہتر بنائی جا رہی ہے،یہ کوئی جادو نہیں بلکہ اس کے پیچھے ایک پیچیدہ کمپیوٹر پروگرامنگ اور مشین لرننگ شامل ہے۔