ہم ٹی20 کرکٹ پر حکمرانی کرتے تھے لیکن ہم پیچھے رہ گئے: عماد وسیم

اردو نیوز  |  Jun 16, 2024

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں ٹیم کے پہلے مرحلے سے باہر ہونے پر کہا کہ ’پاکستانی ٹیم ٹی20 کرکٹ پر حکمرانی کرتی تھی لیکن شاید اب ٹیم تھوڑا پیچھے رہ گئی ہے۔‘

فلوریڈا میں اتوار کو پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان ہونے والے میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے عماد وسیم نے ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بارے میں اعتراف کیا اور غلطیاں تسلیم کیں۔

عماد وسیم کہتے ہیں کہ ’ہم دنیا کی بہترین ٹیموں کے ساتھ مقابلہ کرتے تھے۔ اُن ٹیموں کا مائنڈ سیٹ وقت کے ساتھ تبدیل ہوگیا ہے۔ ہم ٹی20 کرکٹ پر حکمرانی کرتے تھے لیکن میرا خیال ہے کہ ہم شاید تھوڑا پیچھے رہ گئے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’میرے خیال سے ہمارا مائنڈ سیٹ تینوں شعبوں میں تبدیلی چاہتا ہے۔ آج ہم ورلڈ کپ سے باہر ہیں اور اگلے ورلڈ کپ میں جو کچھ بھی ہوگا، جو بھی کھیلے گا، میرے خیال سے اگر ہم صحیح طرز عمل سے کھیلے تو نتائج بہترین آئیں گے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں ذاتی طور پر اور پوری ٹیم بہت زیادہ مایوس اور افسردہ ہے۔ پوری عوام یہ سمجھتے ہیں کہ ہم نے ٹھیک نہیں کھیلا اور ہم قصوروار ہیں۔ ہم لوگ آپ سب سے زیادہ مایوس ہیں۔ میں یہ کہنا چاہوں گا کہ ہم بھی انسان ہیں، ہم سے بھی غلطیاں ہو سکتی ہیں اور اِن غلطیوں کا ہم بھی اثر پڑ سکتا ہے۔‘

خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں دو میچز ہارنے کے بعد ایونٹ سے باہر ہو چکی ہے۔ 

پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان گروپ اے کا آخری میچ دونوں ٹیموں کے لیے محض رسمی کارروائی ہی ثابت ہوگا (فوٹو: اے ایف پی)

گروپ اے میں اپنے پہلے میچ میں پاکستان کو میزبان امریکہ کے ہاتھوں تاریخی اپ سیٹ شکست ہوئی جبکہ دوسرے میچ میں روایتی حریف انڈیا نے بھی پاکستان کو ہرایا۔

پاکستان نے اپنے تیسرے میچ میں کینیڈا کو شکست دی تاہم امریکہ اور آئرلینڈ کے درمیان میچ بارش کے باعث منسوخ ہونے کے باعث امریکہ کو ایک اضافی پوائنٹ مل گیا جس کی وجہ سے پاکستانی ٹیم کا سفر پہلے مرحلے میں ہی ختم ہوگیا۔

عماد وسیم مزید کہتے ہیں کہ ’ہماری ٹیم بہت اچھی ہے، ہمارے کھلاڑی بہت اچھے ہیں لیکن بیٹںگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں آپ کو ہار کا خوف ختم کرنا ہوگا۔ مائنڈ سیٹ کو تبدیل کرنے سے بہت سی چیزیں ٹھیک ہو جائیں گی۔‘

یاد رہے کہ عماد وسیم اور فاسٹ بولر محمد عامر نے رواں برس ٹی20 ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے قومی کرکٹ ٹیم سے ریٹائرمنٹ واپس لی تھی جس کے بعد انہیں اس میگا ایونٹ کے سکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔

دوسری جانب پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان گروپ اے کا آخری میچ آج فلوریڈا میں کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیموں کے لیے یہ میچ رسمی کارروائی ہی ثابت ہوگا کیونکہ دونوں ٹیمیں ایونٹ سے باہر ہو چکی ہیں۔ 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More