اننت امبانی کی شادی میں اڈیل، ڈریک اور لانا ڈیل رے کی پرفارمنس متوقع

اردو نیوز  |  Jul 04, 2024

انڈیا کی ارب پتی کاروباری شخصیت مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی شادی میں 10 دن سے بھی کم وقت رہ گیا ہے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق اننت امبانی اور ان کی منگیتر رادھیکا مرچنٹ کی شادی اب تک کی سب سے بڑی اور مہنگی ترین شادی ہونے والی ہے۔

رواں برس امبانی خاندان کی جانب سے شادی سے قبل منائے جانے والے بڑے جشن (پری ویڈنگ سیلیبریشن) میں ریانا، دلجیت دوسانجھ اور کیٹی پیری جیسے عالمی شہرت یافتہ سنگرز نے شرکت کی تھی۔

رواں ماہ ہونے والی اس شادی سے قبل ایک خبر سامنے آئی ہے کہ برطانوی گلوکارہ اڈیل، کینیڈین ریپر ڈریک اور امریکی گلوکارہ لانا ڈیل رے اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی میں پرفارم کرنے کے لیے امبانی خاندان سے رابطے میں ہیں۔

انڈین میڈیا کے مطابق یہ تمام فنکار 12 جولائی سے 14 جولائی تک ہونے والی اس شادی میں پرفارم کرنے کے لیے انڈیا آ سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ امبانی خاندان کی جانب سے شادی کا تین روزہ جشن رواں سال مارچ میں جام نگر میں منایا گیا تھا جس میں بالی وُڈ سمیت دنیا بھر کی نامور شخصیات نے شرکت کی تھی۔

اس کے علاوہ امبانی خاندان نے شادی کا دوسرا جشن 29 مئی سے یکم جون تک اٹلی اور جنوبی فرانس میں کروز پر منایا تھا۔

یاد رہے کہ 2018 میں مکیش امبانی کی بیٹی ایشا امبانی کی شادی ہوئی تھی جسے انڈیا کی مہنگی ترین شادی مانا جاتا ہے۔

ایشا امبانی کی شادی میں 10 کروڑ ڈالر کا خرچہ ہوا تھا اور اس شادی سے قبل اُدے پور میں منائے گئے جشن میں امریکی گلوکارہ بیونسے نے پرفارم کیا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More