Getty Images
سرینگر میں گزشتہ برس سرکاری ملازمت سے ریٹائر ہونے والے اور حج پر جانے کے ایک خواہشمند نے حج کمیٹی سے یہ کہہ کر فارم واپس لے لیا کہ وہ اتنی بڑی رقم خرچ کرنے کی سکت نہیں رکھتے۔
نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ ’میری دو بیٹیاں ہیں، جب سُنا کہ میرے اور میری بیوی کے حج پر جانے کا خرچہ 9 لاکھ روپے ہے تو میں نے سوچا کہ اگر 9 لاکھ روپے خرچ کر دیے تو ہماری بیٹیوں کا کیا ہو گا۔ حج پر جانا ہمارا خواب تو تھا لیکن مہنگائی نے کمر توڑ دی۔‘
انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کی سٹیٹ حج کمیٹی کے چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر شجاعت قریشی نے بی بی سی کے ساتھ گفتگو کے دوران بتایا کہ 22 سال میں پہلی دفعہ قرعہ اندازی کی نوبت ہی نہیں آئی کیونکہ 7900 کے کوٹے میں کمیٹی کو صرف 4300 درخواستیں موصول ہوئیں اور ان میں سے بھی 700 افراد نے فارم ہی واپس لے لیے ہیں۔
حج کے دوران ’شدید گرمی سے سینکڑوں حاجیوں کی ہلاکت‘ اور بدانتظامی کی شکایات: ’سات کلومیٹر طویل راستے پر پانی تھا نہ کوئی سایہ‘سعودی عرب میں عمرے یا سیاحتی ویزے پر حج کی ادائیگی ’غیر قانونی‘ کیوں؟آبِ زم زم کیا ہے اور مسلمانوں کے لیے یہ اتنا مقدس کیوں ہے؟’میں نے اپنا پیسہ اور حج ادا کرنے کا موقع گنوا دیا‘: جعلساز ’نقلی حج پرمٹ‘ اور ’سستے پیکج‘ کے نام پر کیسے دھوکہ دیتے ہیںحج پر جانے والوں میں ریکارڈ کمی کی وجوہات کیا؟
ڈاکڑ شجاعت نے بی بی سی کو بتایا کہ ’مہنگائی کے اس دور میں ایک شخص کے لیے ساڑھے چار لاکھ روپے خرچ کرنا بہت مشکل ہے۔‘
واضح رہے کہ گزشتہ 20 سال کے دوران کشمیر میں حج پر جانے والوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھنے کو مل رہا تھا اور ان میں اکثریت جواں سال جوڑوں کی ہوتی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ یہاں حج اور عمرہ سے متعلق متعدد ٹریول کمپنیاں بھی موجود ہیں۔
ان کمپنیوں کی انجمن ’جموں کشمیر ایسوسی ایشن آف حج اینڈ عمرہ سروسز‘ کے سربراہ شیخ فیروز کہتے ہیں کہ ’عازمینِ حج کی تعداد میں کمی کی بڑی وجہ مہنگائی ہے جس کی وجہ سے اب یہاں لوگوں کی ترجیحات مجبوراً بدل رہی ہیں۔‘
نجی سیکٹر میں حج اور عمرہ ایک باقاعدہ انڈسٹری کی شکل اختیار کر گیا ہے، جس کا حجم ایک ہزار کروڑ روپے تک بتایا جاتا ہے۔
Getty Images
شیخ فیروز کے مطابق اس وقت حج آپریٹرز کے کاروبار میں 75 فیصد تک کمی ریکارڑ کی گئی ہے۔
وہ کہتے ہیں کہ ’مہنگائی تو ہے ہی لیکن ساتھ ہی آمدن کے ذرائع بھی محدود ہورہے ہیں اور بے روزگاری میں بھی اضافہ ہوا۔ ایسے میں لوگ نہ چاہتے ہوئے بھی اپنی زندگی کی سب سے بڑی خواہش اور خواب یعنی حج کو ایک جانب رکھ کر ضروریاتِ زندگی کو پورا کرنے کی کوشش میں ہیں۔‘
’دبئی انٹرنیشنل‘ نامی ایک حج سروس کمپنی کے مالک پرویز بٹ کا کہنا ہے کہ ’یہ کمی اچانک رونما نہیں ہوئی۔‘
’ہم لوگ ڈیمانڈ میں کمی کئی سال سے محسوس کر رہے تھے لیکن اس سال یہ گراؤٹ تشویشناک حد تک پہنچی۔ اس کی ظاہری وجہ تو مہنگائی ہے لیکن ایسا صرف مہنگائی کی وجہ سے ہی نہیں ہوسکتا اس کی کوئی اور وجہ بھی ہو سکتی ہے ہم بس یہ پتا لگانے کی کوشش میں ہیں۔‘
اقتصادی ماہر اعجاز ایوب کہتے ہیں کہ ’مہنگائی اور جمع پونجی میں کمی تو بنیادی وجوہات ہیں لیکن گزشتہ چند برسوں سے سعودی عرب میں بہت زیادہ گرمی پڑ رہی ہے۔ یہی وجہ ہے لوگ سردیوں میں عمرہ کے لیے جاتے ہیں کیونکہ موسم بھی ٹھیک ہوتا ہے اور حج کے لیے ساڑھے چار لاکھ کے مقابلے میں عمرہ کے لیے صرف سوا لاکھ روپے خرچ ہوتے ہیں۔‘
Getty Images’آمدن میں اضافہ مہنگائی کی شرح میں اضافے سے بہت کم ہے‘
واضح رہے پچھلے سال انڈیا کی سینٹرل حج کمیٹی کے خلاف لوگوں میں غم و غصہ پایا گیا تھا کیونکہ حج کے دوران ناقص انتظامات کی وجہ سے شدید گرمی کے دوران 100 سے زیادہ لوگ حج کے دوران ہلاک ہوئے جن میں سےدس افراد کا تعلق کشمیر سے تھا۔
اعجاز ایوب کہتے ہیں کہ ’گزشتہ سال کے حادثے کو ڈیمانڈ میں کمی کی وجہ نہیں مانا جا سکتا چونکہ جو لوگ ہلاک ہوئے وہ سرکاری کمیٹی کے ساتھ گئے تھے۔ اگر وجہ یہ ہوتی تو پھر لوگ پرائیویٹ آپریٹرز کے ساتھ جانے کو ترجیح دیتے جو زیادہ پیسہ لیتے ہیں اور بہتر سہولات فراہم کرتے ہیں لیکن ایسا ہو نہیں رہا۔‘
اعجاز ایوب کے مطابق سنہ 2012 میں جموں کشمیر کی اوسط فی کس سالانہ آمدن 51 ہزار روپے تھی جو اس سال ایک لاکھ 42 ہزار روپے تک پہنچ چکی ہے۔
وہ کہتے ہیں کہ ’آمدنی میں ہونے والا یہ اضافہ مہنگائی کی شرح میں اضافے سے بہت کم ہے اور یہی وجہ ہے لوگ اب بڑے اخراجات سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘
حج کے دوران ’شدید گرمی سے سینکڑوں حاجیوں کی ہلاکت‘ اور بدانتظامی کی شکایات: ’سات کلومیٹر طویل راستے پر پانی تھا نہ کوئی سایہ‘سعودی عرب میں عمرے یا سیاحتی ویزے پر حج کی ادائیگی ’غیر قانونی‘ کیوں؟آبِ زم زم کیا ہے اور مسلمانوں کے لیے یہ اتنا مقدس کیوں ہے؟’میں نے اپنا پیسہ اور حج ادا کرنے کا موقع گنوا دیا‘: جعلساز ’نقلی حج پرمٹ‘ اور ’سستے پیکج‘ کے نام پر کیسے دھوکہ دیتے ہیںسعودی عرب کا محدود حج کا اعلان، تاریخ میں حج کب کب منسوخ ہوا؟حجاج کی ’سمگلنگ‘: ’ہمیں فراڈ سے حج کرنے پر مجبور کیا گیا‘