دوسرا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان نے زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دیدی

سچ ٹی وی  |  Dec 03, 2024

3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں دو صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔

بلاوایو میں کھیلے گئے میچ میں میزبان زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

زمبابوے کا یہ فیصلہ غلط ثابت ہوا، پاکستانی بولرز کے سامنے زمبابوے کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 12.4 اوورز میں 57 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

زمبابوے کے 9 بیٹرز ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہوسکے۔ برائن بینٹ 21 اور مارومانی 16 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

زمبابوے نے پاکستان کو جیت کیلئے صرف 58 رنز کا ہدف دیا۔

پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔اس کے علاوہ عباس آفریدی نے 2، ابرار احمد ، حارث رؤف اور سلمان علی آغا نے ایک، ایک وکٹ لی۔

زمبابوے کا 58 رنز کا ہدف پاکستان نے چھٹے اوور میں بغیر کسی نقصان کے پورا کر لیا۔اوپنر عمیربن یوسف 22، صائم ایوب 36 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان نے زمبابوے کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی ٹیم میں آج کے میچ کیلئے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔

دوسرے ٹی ٹوئنٹی کیلئے پاکستان ٹیم میں کپتان سلمان آغا ، صائم ایوب ، عمیربن یوسف ، عثمان خان ، طیب طاہر ،عرفان خان ، جہانداد خان ، عباس آفریدی ، حارث رؤف ، ابرار احمد اور سفیان مقیم شامل تھے۔

اتوار کو پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں میزبان زمبابوے کو 57 رنز سے شکست دی تھی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More