آسٹریلیا نے بھارت کو ہوم گراؤنڈ پر 10 وکٹوں سے شکست دیدی

اب تک  |  Jan 15, 2020

ممبئی: (15 جنوری 2020) آسٹریلیا نے بھارتی سورماؤں کو تاریخ میں دوسری مرتبہ ہوم گراؤنڈ پر دس وکٹوں سے شکست کا منہ دکھا دیا۔ ممبئی میں کھیلے گئے تاریخی ون ڈے میچ میں کئی ریکارڈز پاش پاش ہوگئے۔

ممبئی میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں آسٹریلین ٹیم میزبان بھارت پر قہر بن کر ٹوٹ پڑی، مضبوط بھارتی بیٹنگ لائن آسٹریلوی بولنگ اٹیک کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 255 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اوپنر شیکھر دھون 74 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ کے ایل راہول 47، ریشابھ پنت 28 اور رویندرا جڈیجا 25 رنز بنا سکے، کپتان ویرات کوہلی صرف 16 رنزکی باری کھیل پائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 3 ، پیٹ کمنز اور ریچرڈسن نے 2،2 وکٹیں حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی اوپنرز ڈیوڈ وارنر اور ایرون فنچ نے جم کر بیٹنگ کی اور حارحانہ انداز اپناتے ہوئے وکٹ کے چاروں جانب دلکش اسٹروکس کھیلتے ہوئےدلکش سنچریاں اسکور کیں اور مطلوبہ ہدف صرف 38 ویں اوور میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ڈیوڈ وارنر نے 128 اور فنچ نے 110 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، تاریخ میں پہلی بار آسٹریلیا نے بھارت کو 10 وکٹوں سے ہرایا ہے جب کہ دونوں بلے بازوں کے درمیان ہونے والی 258 رنز کی شراکت داری بھارت کے خلاف کسی بھی وکٹ پر ہونے والی سب سے بڑی پارٹنرشپ ہے۔

ہوم گراؤنڈ پر بھارت کو دوسری مرتبہ 10 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ تاریخ میں یہ پانچواں موقع تھا کہ بھارتی ٹیم کو اتنی بڑی شکست ہوئی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More