ورلڈکپ کبڈی ٹورنامنٹ، پاکستان نے آذربائیجان، انڈیا نے انگلینڈ کو شکست دیدی

92 نیوز  |  Feb 14, 2020

گجرات (92 نیوز) ورلڈکپ کبڈی ٹورنامنٹ کے گجرات کے ظہورالہٰی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچز میں پاکستان نے آذربائیجان اور انڈیا نے انگلینڈ کو شکست دے دی، چودھری پرویز الہٰی اور چودھری شافع حسین نے بھی میچ دیکھا۔

ورلڈکپ کبڈی ٹورنامنٹ کے گجرات کے ظہورالہٰی اسٹیڈیم میں دومیچز کھیلے گئے، میچ سے پہلے چاروں ٹیموں کے قومی ترانے بھی بجائے گئے، پاکستان نے آذربائیجان اور انڈیا نے انگلینڈ کو شکست دے دی، پاکستان نے چالیس پوائنٹ حاصل کیے مدمقابل آذربائیجان تیس پوائنٹ حاصل کر سکی۔

انڈیا نے انگلینڈ کو چھبیس کے مقابلے میں چوالیس پوائنٹس سے شکست دے دی۔ تماشائی مہمان کھلاڑیوں کو کھل کر داد دیتے رہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی اور صدر پاکستان کبڈی فیڈریشن چودھری شافع حسین نے بھی میچ دیکھا، میڈیا سے بات چیت میں چودھری پرویزالہٰی نے کہا کہ ظہورالہٰی اسٹیڈیم میں ورلڈکپ کبڈی کے بعد کرکٹ کے میچز بھی کروائیں گے۔

گجرات کے ظہورالہٰی اسٹیڈیم میں کبڈی میچز کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ ایونٹ کے دونوں سیمی فائنل کل لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More