دلچسپ مقابلے کے بعد زلمی کو شکست

اردو نیوز  |  Mar 11, 2020

پاکستان سپر لیگ فائیو میں لاہور قلندرز نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو پانچ وکٹوں سے ہرا دیا۔ 188 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی جانب سے کپتان سہیل اختر اور فخرزمان نے اننگز کا آغاز کیا۔ سہیل اختر 21 رنز بنانے کے  بعد 50 کے مجموعی سکور پر رن آؤٹ ہو گئے۔ 

مزید پڑھیں

ڈیرن سیمی پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ مقرر

Node ID: 463171

سلطانز اور کراچی کنگز کا میچ بارش کی نذر

Node ID: 463336

پی ایس ایل فائیو کے ٹاپ پرفارمرز

Node ID: 463396

فخر زمان نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 34 گیندوں پر تین چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ففٹی مکمل کی۔ وہ 63 رنز بنانے کے بعد وہاب ریاض کی گیند پر یاسر شاہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ محمد حفیظ ایک بار پھر ناکام رہے اور صرف چار رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔  کرس لین 59 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوئے۔  فخر زمان کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے۔

زلمی کی جانب سے حیدر علی اور شعیب ملک نے عمدہ بیٹنگ کی اور دونوں نے نصف سنچریاں سکور کیں۔ حیدر علی 69 اور شعیب ملک 62 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوئے۔

شاہین شاہ آفریدی نے گریگری کو 8 رنز اور کپتان وہاب ریاض کو ایک رن پر بولڈ کیا۔

زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور ٹام بینٹن نے اننگز کا آغاز کیا تاہم ایک کے مجموعی سکور پر ٹام بینٹن بغیر کوئی رن بنائے شاہین شاہ آفریدی کی بال پر محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد 10 سکور پر صرف چار رنز بنانے کے بعد لیونگ سٹون بھی پویلین لوٹ گئے۔ فخر زمان نے سیمت پٹیل کی بال پر ان کا کیچ لیا۔

قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تین وکٹیں حاصل کیں (فوٹو: اے ایف پی)کامران اکمل بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 12 رنز بنا کر سیمت پٹیل کا شکار بنے۔ 24 کے مجموعی سکور پر وہاب ریاض نے ان کا کیچ لیا۔

لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تین، سیمت پٹیل نے دو جبکہ حارث رؤف اور ڈی وائز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یاد رہے کہ لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

پوائنٹس ٹیبل پر پوزیشنپاکستان سپر لیگ فائیو کے پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز 11 پوائنٹس کے ساتھ بدستور سرفہرست ہے۔ اس نے سات میں سے پانچ میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے، ایک میں اسے شکست ہوئی ہے جبکہ ایک میچ برابر رہا ہے۔ 

قذافی سٹیڈیم میں شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد موجود ہے (فوٹو: پشاور زلمی)پشاور زلمی نے نو میچز کھیلے ہیں، چار میں اس نے فتح حاصل کی ہے، چار میں ہی اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میچ برابر رہا ہے۔ زلمی کے پاس 9 پوائنٹس ہیں اور پوائنٹس ٹیبل پر اس کی دوسری پوزیشن ہے۔ 

شروع کے لگاتار تین میچز ہارنے والی لاہور قلندرز پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے تیسری پوزیشن پر براجمان ہوگئی ہے۔ اس نے کل آٹھ میچز کھیلے ہیں جن میں سے چار جیتے ہیں اور چار میں ہی اسے شکست ہوئی ہے۔ اس طرح قلندرز کے 8 پوائنٹس ہو گئے ہیں۔

دو مرتبہ کی پی ایس ایل چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن ہے۔  اسلام آباد نے نو میں سے صرف تین میچز جیتے، پانچ ہارے جبکہ اس کا ایک میچ برابر رہا ہے۔ اس طرح اس کے 7 پوائنٹس ہیں۔

پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز 11 پوائنٹس کے ساتھ بدستور سرفہرست ہے (فوٹو: اے ایف پی)کراچی کنگز 7 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر ہے۔ کراچی نے سات میچز کھیلے ہیں جن میں سے اسے تین میں کامیابی اور تین میں ناکامی ہوئی ہے جبکہ اس کا ایک میچ برابر رہا ہے۔

دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز لگاتار چار میچز ہارنے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر چھٹی اور آخری پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔ آٹھ میچز کھیلنے کے بعد اس کے 6 پوائنٹس ہیں۔ کوئٹہ نے صرف تین میچز جیتے ہیں جبکہ پانچ میں اسے شکست ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ ملتان سلطانز پی ایس ایل فائیو کے پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More