کراچی میں مزید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی

ہم نیوز  |  Aug 04, 2020

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے کراچی میں مزید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ جمعرات سے شروع ہو گا جس کے بعد محکمہ صحت سندھ نے اسپتالوں میں ایمرجنسی کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

محکمہ صحت سندھ نے دوران ایمرجنسی میڈیکل اور پیر امیڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی ہیں۔

ڈی جی صحت سندھ نے ہدایت کی ہے کہ اسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور یومیہ بنیادوں پر رپورٹ جمع کرائی جائے۔ محکمہ صحت سندھ نے صوبے کے سرکاری اسپتالوں کو خط لکھ کر آگاہ کر دیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں بھی مون سون کا نیا سلسلہ ہفتے کو داخل ہو گا۔ اس وقت لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ درجہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔

ملک کے بیشترعلاقوں میں آج موسم گرم اور شدید حبس رہے گا۔ تاہم بالائی خیبر پختو نخوا، بالائی پنجاب، گلگت بلتستان، بلوچستان اور کشمیر کے کچھ اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

گزشتہ روز بھی ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش خیبر پختونخوا کے علاقے مالم جبہ میں 23 ملی میٹر، کاکول اور چراٹ میں 18 ملی میٹر، تخت بائی میں 12 ملی میٹر، دیر میں 9 ملی میٹر، سیدو شریف اور بالا کوٹ میں 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ میں 17 ملی میٹر، سیالکوٹ میں 12 ملی میٹر، جہلم میں 12 ملی میٹر، منڈی بہاؤ الدین میں 9 ملی میٹر، گجرات میں 8 ملی میٹر، راولپنڈی میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

کشمیر کے ضلع کوٹلی میں 4 ملی میٹر اور مظفر آباد میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More