برآمدات میں اضافہ، تجارتی خسارے میں کمی

سماء نیوز  |  Aug 04, 2020

نئے مالی سال کے پہلے ماہ برآمدات 5.8 فیصد اضافے کے ساتھ تقریباً 2 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، حکومت نے سیاحت، ریسٹورانٹس اور میرج ہالز سمیت اہم کاروباری شعبے کھولنے پر غور بھی شروع کردیا ہے۔

پاکستانی معیشت مثبت سمت میں جارہی ہے، کرونا وائرس کا زور ٹوٹنے کے ساتھ ساتھ ملکی برآمدات میں بھی 5.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق جولائی 2020ء میں ایکسپورٹس گزشتہ سال کی اسی مدت کی 1 ارب 89 کروڑ ڈالر کے مقابلے میں بڑھ کر 1 ارب 99 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں۔

مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کہتے ہیں گزشتہ 4 ماہ کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے یہ بڑی کامیابی ہے۔

وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے مارکیٹوں اور صنعتوں کیلئے اوقات کار میں نظر ثانی کی نوید سنادی۔ سیاحت، ریسٹورانٹس اور میرج ہالز سمیت اہم کاروباری شعبے کھلنے کا بھی امکان پیدا ہوگیا۔

جولائی 2020ء میں درآمدات گزشتہ برس کے 3 ارب 69 کروڑ ڈالر کے مقابلے میں 3 ارب 54 کروڑ ڈالر پر آگئیں، یوں تجارتی خسارہ 14.7 فیصد یعنی 26 کروڑ ڈالر کم ہوگیا۔

رپورٹ کے مطابق جولائی 2019ء میں تجارتی خسارہ 1.80ارب ڈالر تھا جو جولائی 2020ء میں 1.54ارب ڈالر پر آگیا۔

مالی سال کے پہلے ہی ماہ میں ٹیکس محاصل بھی 57 ارب روپے اضافے کے ساتھ 300 ارب روپے تک پہنچ گئے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More