یوم استحصال کشمیر:میں کشمیریوں کاسفیر بنارہوں گا: وزیر اعظم

نوائے وقت  |  Aug 05, 2020

اسلام آباد:مقبوضہ کشمیر میں بھارتی محاصرے کو ایک سال مکمل ہونے پر آج پاکستان میں یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے اور اس موقع پر ملک بھر میں ریلیوں اور سیمینارز کا اہتمام کیا جائے گا۔

ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیارکی جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان مظفر آباد میں ریلی کی قیادت کریں گے اور صوبوں میں وزرائے اعلیٰ ریلیوں کی قیادت کریں گے۔ عمران خان کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے آزادکشمیراسمبلی سے خطاب بھی کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہم نے مودی سرکار کی ہندوتوا فاشسٹ بالادستی کو بے نقاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال 5 اگست کے بعد سے کشمیری وحشیانہ فاشسٹ فوجی محاصرے میں ہیں اور وہاں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت نے غیرقانونی قبضے سے کشمیریوں کی آوازیں دبانے کی کوشش کی۔ تاہم میں تمام کشمیریوں کا سفیر بنا رہوں گا۔انہوں نے کہا کہ کئی سال بعد میری حکومت نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ میں مؤثرانداز میں اٹھایا اور ہم نے مودی سرکار کی ہندوتوا فاشسٹ بالادستی کو بے نقاب کیا۔

عمران خان نے کہا کہ ہم نے پاکستان کے نئے سیاسی نقشے میں کشمیریوں کی امنگوں کا خیال رکھا ہے جبکہ نئے سیاسی نقشے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں سے متعلق اپنے عزم پر قائم ہیں۔

مشال ملک نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارت نے آج کے دن کشمیری عوام کیلئے ڈیتھ وارنٹ جاری کیا، بھارت نے یہ وارنٹ دراصل کشمیریوں کےخلاف نہیں ، اپنے خلاف جاری کیا۔

مشال ملک نے کہا بھارت نے کھل کر بتادیا کہ وہ انسانی حقوق کو روندنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔بھارت نے دنیا کو بھی بتایا کہ یہ سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے بھی مخالف ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More