ایران میں کووِڈ-19 سے ہلاکتوں کی تعداد 30 ہزار سے متجاوز

العربیہ  |  Oct 18, 2020

ایران میں کووِڈ-19 سے ہلاکتوں کی تعداد 30 ہزار سے متجاوز ہوگئی ہے۔

ایران کی وزارت صحت کی ترجمان سیما سادات لاری نے ہفتے کے روز ایک بیان میں بتایا ہے کہ ملک میں اب تک کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسوں کی تعداد 526490 ہوگئی ہے۔ان میں 30123 مریض وفات پا چکے ہیں۔

ایران مشرقِ اوسط کا پہلا ملک ہے جہاں چین کے بعد فروری میں سب سے پہلے کرونا وائرس پھیلا تھا۔تاہم بعض سرکاری حکام کے مطابق حکومت نے کوئی ایک ماہ تک کرونا وائرس کی وَبا پر پردہ ڈالے رکھا تھا اور اس کی شہریوں اور بیرونی دنیا کو خبر نہیں ہونے دی تھی۔

ایران کی کرونا وائرس کے انسداد کے لیے قائم کردہ ٹاسک فورس کے رکن محمد رضا محبوب فر نے گذشتہ ماہ ایک انٹرویو میں کہا کہ ’’ ایران کے سرکاری اعداد وشمار ’’من گھڑت‘‘ ہیں ،ان پر اعتبار نہیں کیا جاسکتا اور یہ حقیقی اعداد وشمار کا بیس میں سے صرف ایک یعنی پانچ فی صد ہیں۔‘‘

محبوب فر کا کہنا تھا کہ ’’ ایرانی حکومت نے سکیورٹی اور سیاسی وجوہ کی بنا پر ملک میں کرونا وائرس کی وَبا کو ایک ماہ تک چھپائے رکھا تھا اور 1979ء کی انقلاب کی سال گرہ اور فروری میں پارلیمانی انتخابات کے انعقاد کے بعد اس کے کیسوں کا اعلان کیا تھا۔‘‘

قبل ازیں بھی بہت سی ایسی رپورٹس سامنے آچکی ہیں جن میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایرانی نظام نے ابتدا میں جان بوجھ کر ملک میں کرونا وائرس پھیلنے اور اس سے متاثرین کی خبروں کی پردہ پوشی کی تھی اور اپنے عوام کو اس کی ہلاکت خیزیوں کے حوالے سے درست معلومات فراہم نہیں کی تھیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More