ملک بھر میں جشن عید میلاد النبیﷺ آج نہایت عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

اب تک  |  Oct 30, 2020

اسلام آباد: (30 اکتوبر 2020) ملک بھر میں جشن عید میلاد النبیﷺ آج نہایت عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں جلسے جلوسوں اور ریلیوں کا اہتمام کیا جائے گا جن میں حضور نبی کریمﷺ سے محبت کا اظہار کیا جائے گا۔

آقائے دو جہاں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیﷺ کے جشن ولادت کے روز صبح بہاراں كا آغاز بارگاہ رسالتﷺ میں ہدیہ درود و سلام اور اجتماعی دعاؤں سے ہوا جس میں ملک کی سلامتی و خوشحالی کے لیے بھی دعائیں مانگی گئیں جب کہ پاک فوج کی جانب سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جب کہ صوبائی دارلحکومتوں کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

جشن عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں جلسے جلوسوں اور ریلیوں کا اہتمام کیا جائے گا جن میں حضور نبی کریمﷺ سے محبت کا اظہار کیا جائے گا، عاشقان رسولﷺ اپنے اپنے انداز میں والہانہ محبت کا اظہار کریں گے۔

ملک بھر میں جشن عید میلادالنبیﷺ کے سلسلے میں عاشقان رسول ﷺ نے اپنے گھروں کو خوبصورت برقی قمقموں سے سجا رکھا ہے جب کہ پارلیمنٹ ہاؤس، وزیراعظم ہاؤس، ایوان صدر سمیت سرکاری و غیر سرکاری عمارتوں کو بھی خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔

نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت جشن عید میلادالنبی کو منانے کے لیے دنیا بھر میں منفرد انداز سے تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے اسی طرح کی ایک تقریب دریائے چناب چنیوٹ کے کنارے واقع دربار وادی عزیز شریف پر ہرسال منعقد ہوتی ہے جہاں 63 من وزنی کیک کاٹا جاتا ہے اور اب 63 من وزنی کیک کو بنانے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔اس کیک کی تیاری میں ماہر کاریگر حصہ لیتے ہیں بادام پستہ دیسی گھی مکھن فریش کریم مربہ جات سمیت دیگر اشیاء کا استعمال کیا جاتا ہے اور 12 ربیع الاول کی صبح سجادہ نشین دربار عالیہ خواجہ محبوب الٰہی نسیم سرکار اپنے ہزاروں مریدین کے ہمراہ کیک کاٹیں گے 112 من دودھ کی سبیل لگائی جائے گی جبکہ 63 بکروں کی قربانی دی جائے گی اور درود و سلام کی محفل کا اہتمام کیا جائے گا۔اور تقریب میں شرکت کرنے والے مریدین کے لئے لنگر کا انتظام کیا گیا ہے۔

پشاور میں عید میلادالنبی کے سلسلے میں شہر کے مختلف علاقوں سے جلوس نکالے جائیں گے۔ سب سے بڑا اور مرکزی جلوس رات میلاد چوک سے شروع ہو کر قصہ خوانی میں اختتام پذیر ہو گا جس کے لیئے بازاروں گلی کوچوں اور مساجد کو دلہنوں کی طرح سجانے کے علاوہ آمد مصطفی کے فلک شگاف نعروں سے فضا معطر اور درود و سلام و نوافل کی پرنور محافل کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More