رحیم یارخان:سبزی منڈی کے قریب پیٹرول ٹینکرلیک ہوگیا

سماء نیوز  |  Dec 04, 2020

فائل فوٹو

رحیم یار خان میں خان پور کے علاقے تیل سے بھرا ٹینکر لیک ہو کرسڑک کر پھیل گیا۔ پولیس نے سڑک کو دونوں اطراف سے بند کردیا۔

پولیس کے مطابق رحیم یار خان میں خان پور سبزی منڈی کے قریب پیٹرول سے بھرا ٹینکر لیک ہوگیا۔ ٹینکر میں 20 ہزار لیٹر پیٹرول موجود ہے۔ ٹینکر کے لیک ہونے کے باعث پیٹرول سڑک پر پھیل گیا۔

پولیس نے احتیاطی تدابیر کے طور پر قریبی رہائشی گھروں کو خالی کرالیا گیا، جب کہ سڑک کو بھی دونوں اطراف سے ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع بہاولپور میں سال 2017 میں پیٹرول سے بھرا ٹینکر الٹنے کے حادثے میں 190 سے زائد افراد جل کر جاں بحق ہوگئے تھے۔

حادثہ 25 جون اتوار کی صبح بہاولپور کے علاقے احمد پور شرقیہ کے قریب قومی شاہراہ پر پیش آیا۔ پیٹرول سے بھرا ٹینکر جب سڑک پر پھسل کر الٹا تو آپس پاس کے علاقوں میں موجود افراد بڑی تعداد میں وہ بہتا پیٹرول ڈبوں میں بھرنے سڑک پر آگئے۔ اسی اثنا میں شارٹ سرکٹ سے پیٹرول سے بھرے ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی جس نے اس وقت وہاں موجود لوگوں اور آس پاس کے علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

اندوہناک حادثے میں جو جہاں موجود تھا، وہیں جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا۔ حادثے میں کئی لاشیں ناقابل شناخت تھیں۔ جنہیں ڈی این اے کے بعد ورثا کے حوالے کیا گیا۔ مرنے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔

جائے وقوعہ پر کھڑیں 75 موٹر سائیکلیں، 3 کاریں اور رکشہ بھی آگ کی لپیٹ میں آ کر مکمل طور پر جل گئے۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان میں ماضی میں بھی ٹریفک حادثات کے دوران آئل ٹینکرز میں آگ بھڑکنے سے ہلاکتوں کے بڑے واقعات پیش آ چکے ہیں۔

سال 2016 میں بھی فروری میں ضلع شیخوپورہ میں آئل ٹینکر اور گاڑی میں تصادم کے بعد لگنے والی آگ سے 10 افراد ہلاک ہوئے تھے، جب کہ 2015 میں کراچی کے قریب شکارپور جانے والی مسافر بس اور آئل ٹینکر کی ٹکر کے نتیجے میں 62 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More