قوم کی تقدیر بدلنے کیلئے جدید علوم کی تدریس نہایت اہم ہے، وزیراعظم

بول نیوز  |  Jan 22, 2021

وزیراعظم عمران خان کا کہناہے کہ قوم کی تقدیر بدلنے کیلئے جدید علوم کی تدریس نہایت اہم ہے، بین الاقوامی معیار کے اداروں کا قیام احسن اقدام ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت نالج اکانومی پر اجلاس منعقد کیا گیا، اجلاس میں اسد عمر، ڈاکٹر معید یوسف، ڈاکٹر عطاء الرحمان اور متعلقہ اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران وزیرِاعظم کو ہری پور ہزارہ میں پاکستان آسٹرین یونیورسٹی کی 2.5 سال کی ریکارڈ مدت میں تکمیل کے حوالے سے آگاہ کیا۔

بریفنگ کے دوران وزیراعظم کو بتایا گیا کہ منصوبے کی منظوری 2018 میں ہونے کے بعد اس کی تکمیل اور کلاسسز کا آغاز ستمبر 2020 میں ہو چکا ہے، یونیورسٹی 8 بین الاقوامی (3 آسٹرین، 5 چینی) یونیورسٹیوں سے منسلک ہے۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ مقامی طالبِ علموں کو اعلی معیار کی تعلیمی سہولیات اور جدید علوم پڑھائے جا رہے ہیں، وزیرِ اعظم کو 12 جدید ٹیکنالوجیز کی تعلیم و ترویج کیلئے حکمتِ عملی پر بھی بریف کیا گیا۔

اس کے علاوہ وزیرِ اعظم کو درجہ بہ درجہ جدید تعلیم و ہنر فراہم کرنے کی حکمتِ عملی سے بھی آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ پرائمری سے لے کر پوسٹ گریجویٹ سطح تک نظام میں تبدیلیاں لائی جائیں گی اور ہنر مند افراد کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے گا۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم کو سیالکوٹ میں حال ہی میں منظور ہونے والی بین الاقوامی انجینئرنگ یونیورسٹی کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

ڈاکٹرعطاء الرحمان نے اس موقع پر اجلاس کو نالچ اکانومی کے 17 مجوزہ منصوبوں سے آگاہ کیا جس پر وزیرِ اعظم نے ان اقدامات کو خوش آئند قرار دیا۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے تعلیم کیلئے ترقیاتی بجٹ بڑھانے کیلئے تجاویز طلب کر لیں اور منصوبے کو سراہتے ہوئے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔

-->
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More