تحریک لبیک کی خواہش پرپاکستان کو تنہانہیں کرسکتے، شیخ رشید

سماء نیوز  |  Apr 15, 2021

فوٹو: آن لائن

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان کے مطالبات کا لب لباب یہی ہے کہ سب کو ملک سے باہر نکالو اور پاکستان کو دنیا میں تنہا کردو، تاہم ان کی خواہش پر پاکستان کو تنہاء نہیں کرسکتے۔

سماء کے پروگرام آواز میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان سے مذاکرات کے دوران ہمیں اندازہ ہوگیا تھا کہ یہ لوگ معاملے کا حل نہیں چاہتے اور ان کے کھانے کے دانت اور جبکہ دکھانے کے اور ہیں۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے دوران ہم نے بھانپ لیا تھا کہ ان کا ارادہ کچھ اور ہے لہٰذا ہم نے سعد رضوی کی گرفتاری کا فیصلہ کیا، کیوں کہ ہم پاکستان کی بربادی میں کسی کا ساتھ نہیں دے سکتے۔

شیخ رشید نے کہا کہ ایسا فیصلہ جرأت کا متقاضی ہوتا ہے اور یہ ہمت ہم نے پاکستان کی خاطر دکھائی، ہم نے ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وسلم کیلئے اس وقت قید کاٹی تھی جب تحریک لبیک پاکستان بنی ہی نہیں تھی۔

شیخ رشید نے بتایا کہ ان کی تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد رضوی یا ان کے والد خادم حسین رضوی سے کبھی بھی ملاقات نہیں ہوئی۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہم نے تحریک لبیک پاکستان کو سیاسی طور پر انگیج کرنے کی کوشش کی اور 4 ماہ سے مذاکرات کررہے تھے تاکہ ایک مسودے پر آجائیں لیکن ان کے مطالبات ہمیں منظور نہیں تھے۔

ان کا ٹی ایل پی کے ساتھ پچھلے معاہدے سے متعلق کہنا تھا کہ ہم نے اس میں لکھا تھا کہ معاملہ اسمبلی میں لے کر جائیں گے۔

حکومت کے مستقبل کے لائحہ عمل سے متعلق وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمیں جو کرنا تھا وہ ہم نے کرلیا اب آگے کا فیصلہ کابینہ کرے گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More