وزیر اعظم یوتھ انٹرپرینیورشپ اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو رہنمائی اور سہولت فراہم کی جائے‘صدر مملکت

اے پی پی  |  Sep 15, 2021

اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیر اعظم یوتھ انٹرپرینیورشپ اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے ملک بھر خصوصا گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو رہنمائی اور سہولت فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کو مالی طور پر بااختیار بنانے کے لیے وزیر اعظم کے کامیاب جوان پروگرام نے زبردست معاشی مواقع فراہم کیے ہیں، نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے آسان قرضوں کی سہولت سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو قرضوں کے حصول میں درپیش مسائل کو حل کرنے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار اور صدر بینک آف پنجاب ظفر مسعود نے شرکت کی جبکہ وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی ، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید خان اور متعلقہ بینکوں کے سربراہان ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

اس موقع پر معاون خصوصی عثمان ڈار نے اجلاس کو یوتھ انٹرپرینیورشپ اسکیم کے تحت دیے گئے قرضوں کے بارے میں بتایا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نوجوانوں میں اپنے کاروبار شروع کرنے کے لیے 26.2 ارب کے منظور شدہ قرضوں میں سے 19.1 ارب روپے تقسیم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یوتھ انٹرپرینیورشپ اسکیم نے مختلف شعبوں میں 30،000 سے زائد ملازمتیں پیدا کی ہیں۔

معاون خصوصی نے مختلف بینکوں کی جانب سے دی گئی رقوم کی تفصیلات بتائیں جن میں بینک آف پنجاب ، جے ایس بینک لمیٹڈ ، نیشنل بینک آف پاکستان ، بینک الفلاح لمیٹڈ اور حبیب بینک لمیٹڈ شامل ہیں جنہوں نے نوجوانوں میں بالترتیب 4.8 ارب روپے، 3.5 ارب روپے، 2.4 ارب روپے ، 1.7 ارب روپے اور 1.6 ارب روپے کے قرضے جاری کئے۔

آزاد کشمیر کے وزیر اعظم اور گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ نے وزیر اعظم یوتھ انٹرپرینیور سکیم کے تحت قرضوں کے حصول میں نوجوانوں کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالی۔ اجلاس میں نوجوانوں کو قرضوں کی سکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے آگاہی اور رہنمائی فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر مملکت نے آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں سہولیات کے مراکز قائم کریں تاکہ نوجوانوں کو قرضوں کے حصول میں مدد ملے۔

انہوں نے میڈیا اور مقامی سیاسی رہنماؤں کی شمولیت سے نوجوانوں میں بیداری پیدا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ صدر نے پانچوں بینکوں کے سربراہوں سے کہا کہ وہ نوجوانوں کو قرض حاصل کرنے میں رہنمائی کے لیے سہولت ڈیسک قائم کریں۔

اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں قرضوں کی تقسیم کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ماہانہ اجلاس منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More