تحریک انصاف نے ریاض فتیانہ کو شوکاز نوٹس جاری کردیا

بول نیوز  |  Nov 28, 2021

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی احتساب و ڈسپلن کمیٹی کی جانب سے ریاض فتیانہ کو گلاسگو معاملے پر شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا، کمیٹی نے ریاض فتیانہ سے 4 دسمبر تک وضاحت طلب کرلی۔

کمیٹی کی جانب سے جاری شوکاز میں ریاض فتیانہ سے سوال کیا گیا کہ آپ نومبر میں کسی این جی او کی طرف سے گلاسگو کوپ 26 میں گئے؟ آپ گلاسگو میں وفد سے اپنے استعمال کے لیے گاڑیاں مانگتے رہے؟

شوکاز میں کہا گیا ہے کہ  آپ نے وفد سے کانفرنس کارڈ اور فون سم کی بھی فرمائش کی؟ آپ کے مطالبات نہ مانے گئے توآپ نے وطن واپسی پر حکومتی وفد پر الزامات لگا دیے۔

کمیٹی نے ریاض فتیانہ کو ہدایت کی کہ آپ نے بطور رکن پی اے سی حکومتی وفد پر لڑائی سمیت دیگر الزامات لگائے، اس کا ثبوت دیں، آپ نے الزام لگایا کہ امین اسلم سے لڑائی کے باعث زرتاج گل آئیں۔

شوکاز میں ریاض فتیانہ سے کہا گیا کہ الزامات کے تحریری شواہد، کوائف اور دیگر ثبوت بھی فراہم کریں۔

پی ٹی آئی احتساب و انضباطی کمیٹی نے ملک امین اسلم کی درخواست پر شوکاز نوٹس جاری کیا۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کا زرتاج گل سے جھگڑے کی خبروں پر موقف سامنے آچکا ہے، ملک امین اسلم نے حکومتی وزراء کے درمیان جھگڑے کی خبروں کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا تھا۔

ملک امین اسلم نے رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ کے خلاف پارٹی کے انضباطی ونگ سے رجوع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تاھ کہ ریاض فتیانیہ کی پبلک اکاونٹس کمیٹی میں کی گئی گفتگو جھوٹی ہے، فاضل ممبر کا الزام 200 فیصد جھوٹ اور غلط بیانی پر مبنی ہے۔

ملک امین اسلم نے کہا کہ زرتاج گل کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کے باعث جلد وطن واپس آنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی الزامات کی تحقیقات کرے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ کہا گیا کانفرنس میں پاکستان کے کروڑوں روپے ڈوب گئے، کانفرنس پر پاکستان کا ایک روپیہ بھی نہیں خرچ ہوا، کانفرنس مکمل طور پر غیر ملکی ڈونرز کے تعاون سے ہوئی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ریاض فتیانہ کو غلط فہمی کیوں ہوئی سمجھنے سے قاصر ہوں، ریاض فتیانیہ خود بغیر کسی دعوت نامے کے ایک این جی او کی سپانسرشپ پر پہنچے۔

ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ کانفرنس میں پاکستانی پویلین مصروف ترین مرکز رہا، دنیا بھر کے میڈیا نے پاکستانی پویلئین اور کلائمیٹ ویژن کو کوریج دی،500 کے قریب موسمیاتی تبدیلی کے وزراء سے دو طرفہ ملاقاتیں ہوئیں۔

امین اسلم نے کہا کہ امریکی صدر نے پاکستانی کوششوں کو سراہا، برطانوی وزیراعظم خود پویلین تشریف لائے۔

خیال رہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان تحریکِ انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی ریاض فتیانہ نے انکشاف کیا تھا کہ وزیرِ مملکت زرتاج گل اور وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کے درمیان اقوامِ متحدہ کی ماحولیات کانفرنس میں لڑائی ہوئی۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین رانا تنویر حسین کی زیرِ صدارت ہوا جس میں اقوامِ متحدہ کی ماحولیات کانفرنس میں زرتاج گل اور امین اسلم کے درمیان ہونے والی لڑائی کی تحقیقات کا حکم دیا گیا۔

ریاض فتیانہ نے اجلاس کو بتایا کہ گلاسگو میں زرتاج گُل معاونِ خصوصی امین اسلم کے ساتھ لڑ کر وطن واپس آگئیں۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس کو انہوں نے بتایا کہ گلاگو کانفرنس میں افسران کی نااہلی کے باعث پاکستان کی نمائندگی غیر معیاری تھی۔

پاکستان تحریکِ انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی نے مزید بتایا کہ نیپال اور دوسرے ممالک کے وفد کو پاکستان کیمپ میں کسی افسر نے ریسیو نہیں کیا۔

ریاض فتیانہ نے یہ بھی بتایا کہ وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کے نااہل افسران کے باعث کروڑوں روپے ضائع ہوئے۔

چیئرمین پی اے سی رانا تنویر نے آڈٹ حکام کو زرتاج گل اور امین اسلم کی لڑائی کی تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

Square Adsence 300X250
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More