شاہین نے سسر کی وجہ سے 10 نمبر لیا تو رضوان نے بیوی ۔۔ کرکٹ میں کھلاڑیوں کی جرسی کے نمبرز کیوں ہوتے ہیں؟ جانئیے ان میں چھپے راز

ہماری ویب  |  Sep 27, 2022

پاکستان میں اس وقت کرکٹ سیزن چل رہا ہے اور پوری قوم پاکستان اور انگلینڈ کے مقابلوں سے لطف اندوز ہورہی ہے اور جب ہر سو کھیل کا چرچا ہو تو شائقین کی کھلاڑیوں کی ذات سے متعلق دلچسپی بھی بڑھ جاتی ہے۔قومی ٹیم کے کھلاڑی سنچری بنائیں یا چھکا لگائیں شائقین ہمیشہ یاد رکھتے ہیں لیکن ایک نمبر اور لوگوں کو یاد رہتا ہے اور وہ ہےکھلاڑی کی جرسی کا نمبر، جیسے شاہد آفریدی کا 10 نمبر بہت مشہور رہا لیکن آج آپ کو بتاتے ہیں کہ کھلاڑیوں کی جرسی پر لگے نمبرز کی حقیقت کیا ہے۔

شاہد آفریدی ۔10

پاکستان میں کرکٹ میں اگر سب سے زیادہ شہرت کسی کھلاڑی کے حصے میں آئی تو وہ شاہد آفریدی ہیں، بوم بوم آفریدی کے کھیل کی طرح ان کی شرٹ کا 10 نمبر بھی بہت مشہور رہا لیکن ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ یہ نمبر آیا کہاں سے۔ شاہد آفریدی کو 10 پی سی بی نے نہیں دیا بلکہ لالہ نے خود اپنی پسند سے یہ نمبر منتخب کیا اور اس کی وجہ ارجنٹائن کے مشہور فٹ بالر میرا ڈونا تھے۔ شاہد آفریدی نے اپنے فیورٹ فٹ بالر کا نمبر منتخب کیا تھا۔

بابر اعظم ۔56

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور دنیائے کرکٹ پر راج کرنے والے شہرت یافتہ بلے باز بابر اعظم 56 نمبر کی شرٹ پہنتے ہیں لیکن آپ کو یہ بتاتے چلیں کہ اس سے پہلے وہ 33 نمبر کی شرٹ پہنا کرتے تھے لیکن بعد میں انہیں 56 نمبر مل گیا تو انہوں نے اس کو ہی اپنی پہچان بنالیا۔ بابر اعظم کہتے ہیں کہ پہلے زیادہ اہمیت نہیں تھی نمبر کی لیکن اب یہ میرے کرکٹ کے سفر کا حصہ بن گیا ہے اور اب میری کوشش ہوتی ہے کہ اس نمبر کے مطابق ہی اسکور کروں۔

فخر زمان۔39

چیمپئنز ٹرافی کے ہیرو فخر زمان 39 نمبر کی شرٹ پہنتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم میں شمولیت کے بعد انہوں نے 39 نمبر کا انتخاب کیا۔اب آپ کو اس کی حیران کن وجہ بھی بتاتے ہیں کہ فخر زمان کا تعلق پاکستان نیوی سے تھا اور جب وہ نیوی میں آئے تو انہیں 39 نمبر کمرہ ملا تھا اس لئے فخر زمان 39 نمبر کی شرٹ پہنتے ہیں۔

شاداب خان۔7

قومی ٹیم کے نٹ کھٹ اور شرارتی کھلاڑی شاداب خان پہلے 29 نمبر کی شرٹ پہنا کرتے تھے لیکن اب وہ 7 نمبر کی شرٹ پہنتے ہیں کیونکہ 7 نمبر کے انتخاب کی وجہ شاداب یہ بتاتے ہیں کہ ان کا بیٹنگ میں 7واں نمبر ہے اس لئے وہ 7 نمبر کی شرٹ پہننا پسند کرتے ہیں۔

شعیب ملک۔18

قومی کرکٹ ٹیم کے سب سے سینئر کھلاڑی شعیب ملک 18 نمبر کی جرسی پہنتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اس کی کوئی خاص وجہ نہیں بلکہ انہیں شروع سے یہ نمبر ملا اس لئے اب وہ اسی نمبر کو پسند کرتے ہیں۔

آصف علی۔45

اپنے طوفانی چھکوں کیلئے مشہور آصف علی 45 نمبر کی شرٹ پہنتے ہیں، آصف علی کو یہ نمبر 45 پی سی بی نے دیا تھا اور اب آصف علی اپنے ہر آٹو گراف میں 45 ضرور لکھتے ہیں کیونکہ یہ نمبر آصف علی کی شناخت بن چکا ہے۔

حارث رؤف۔97

پاکستان ٹیم کے اسپیڈ اسٹار حارث رؤف کے پاس 97 نمبر کی شرٹ ہے لیکن وہ چاہتے ہیں کہ انہیں 150 نمبر الاٹ کردیا جائے کیونکہ وہ ہمیشہ 150 کلو میٹر کی رفتار سے باؤلنگ کی کوشش کرتے ہیں اور ان کی خواہش کی 150نمبر ان کی شناخت ہو۔

محمد حفیظ۔8

پاکستان ٹیم کے اسٹار آل راؤنڈر محمد حفیظ 8 نمبر کی جرسی پہنتے ہیں اور یہ نمبر انہوں نے اپنی مرضی سے لیا ہے، محمد حفیظ سے پہلے یہ نمبر سابق کپتان انضمام الحق کے پاس تھا اور ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد محمد حفیظ نے اپنے فیورٹ اسٹار کا نمبر لے لیا۔

عمر اکمل ۔96۔3

ہمیشہ تنازعات کا شکار رہنے والے عمر اکمل کے پاس پہلے 96 نمبر تھا لیکن مسلسل تنازعات کی وجہ سے انہوں نے اپنا بیٹنگ آرڈر اور شرٹ نمبر 3 کیا تاہم یہ بھی انہیں راس نہیں آیا اور اس وقت عمر اکمل قومی ٹیم سے باہر ہیں۔

شاہین آفریدی۔10

شاہین آفریدی کے پاس 40 نمبر تھا لیکن ان کی خواہش تھی کہ انہیں لالہ کا 10 نمبر مل جائے اور اس پر آفریدی لکھا ہو اور شاہد آفریدی کی ریٹائرمنٹ کے بعد سسر کی جرسی کا نمبر داماد کے حصے میں آچکا ہے اور شاہین صرف جرسی کا نمبر ہی نہیں بلکہ شاہد آفریدی کا وکٹ لینے کے بعد ہاتھ کھڑے کرکے خوشی منانے کا انداز بھی چراچکے ہیں۔

محمد رضوان۔16

قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان میدان میں ہمیشہ متحرک نظر آتے ہیں اور میدان کے باہر شرمیلے اور خواتین سے دور رہنے والے انسان ہیں لیکن اگر آپ کو محمد رضوان کی شرٹ پر موجود 16 نمبر کا راز بتائیں تو رضوان کی پہلی ہارڈ بال اننگ 16 رنز پر ختم ہوئی لیکن ان کی زندگی سے 6 کا ہندسہ بہت مضبوطی سے جڑا ہوا ہے۔ محمد رضوان اور ان کی اہلیہ کی تاریخ پیدائش میں 6 کا ہندسہ ہے اور بیٹیوں کی پیدائش سے 1 اور 6 کا ہندسہ جڑا ہے اس لئے محمد رضوان ہمیشہ 16 نمبر کی شرٹ پہنتے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More