فٹ بال ورلڈکپ: فاتح ٹیم کو کتنے کروڑ ڈالر ملیں گے اور۔۔ وہ تمام معلومات جو آپ جاننا چاہیں گے

ہماری ویب  |  Nov 16, 2022

کرکٹ ورلڈکپ ختم ہونے کے بعد رواں ماہ 20 نومبر سے دنیا کا سب سے بڑا اسپورٹس ایونٹ شروع ہونے جارہا ہے اور اس بار قطر فٹبال ورلڈکپ کی میزبانی کررہا ہے۔ فیفا ورلڈکپ میں گوکہ پاکستان کی ٹیم شامل نہیں لیکن پاکستان کے عوام اس کے باوجود فٹ بال میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں۔

اہم بات تو یہ ہے کہ اس عالمی ایونٹ کی سیکورٹی کے فرائض پاک فوج انجام دے رہی ہے۔ قطر نے اس ایونٹ کو کامیاب بنانے کیلئے خزانے کا منہ کھول دیا ہے اور اربوں ڈالر صرف اس ایونٹ کی تیاریوں پر خرچ کئے جارہے ہیں۔

آیئے آپ کو بتاتے ہیں کہ اس ایونٹ پر کتنا خرچا ہوگا اور مقابلوں میں شریک ٹیموں کو کتنا پیسہ ملے گا۔

قطر میں ہونے والا یہ ورلڈکپ فٹ بال کی تاریخ کا سب سے مہنگا ترین ایونٹ ہے، اس ٹورنامنٹ میں 32 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے میدان میں اتریں گی۔ ایونٹ کا آغاز 20 نومبر کو میزبان قطر اور ایکواڈور کے درمیان میچ سے ہوگا، ایونٹ میں مجموعی طور پر64 میچز کھیلے جائیں گے اور فاتح ٹیم کا فیصلہ 18 دسمبر کو ہوگا۔

چھوٹے سے خلیجی ملک قطر نے اس ایونٹ کیلئے 8 خوبصورت اسٹیڈیمز تیار کئے ہیں اور دلچسپ بات تو یہ ہے کہ خلیج کی گرمی سے شائقین فٹ بال کو بچانے کیلئے ہر اسٹیڈیم میں ائیر کنڈیشننگ سسٹم موجود ہے۔

2010 میں ورلڈکپ کی میزبانی ملنے کے بعد چھوٹے سے قطر نے ایونٹ کروانے کیلئے بے پناہ پیسہ خرچ کیا ہے، شائقین کی آمد کے پیش نظر ایک الگ شہر بنادیا ہے، فٹ بال گراؤنڈز کے قریب ہوٹل، ولاز، رہائشی یونٹس، کروز شپ ہوٹلز، شاپنگ مالز بنائے ہیں جبکہ مہمانوں کو اسٹیڈیم تک پہنچانے کیلئے ریپڈ ٹرانزسٹ سسٹم بھی قائم کردیا ہے۔

قطر میں منعقدہ اس ورلڈکپ کو دنیا کا مہنگا ترین ورلڈکپ اس لئے کہا جاتا ہے کیونکہ قطر اس ایونٹ کیلئے پچھلے 10 سال سے ہر ہفتے تقریباً 500 ملین ڈالر خرچ کررہا ہے اور اب تک 230 بلین ڈالرز کے قریب خرچ کرچکا ہے۔

اس رقم کو پاکستانی روپے میں دیکھا جائے تو 50 ہزار ارب روپے سے بھی زیادہ بنتی ہے جبکہ بھارت میں یہ رقم 19 ہزار ارب سے بھی زیادہ بنتی ہے۔ پاکستان کا سالانہ بجٹ دیکھیں تو 2022 میں ہمارا بجٹ صرف 9 سو 5 ارب تھا یعنی ورلڈکپ پر خرچ ہونے والی رقم پاکستان کے کئی دہائیوں کے بجٹ سے بھی زیادہ ہے۔

قطر نے اس عالمی میلے کیلئے 8 میدان سجائے ہیں اور ان اسٹیڈیمز کی تعمیر پر کروڑوں ڈالر کی لاگت آئی ہے، یہ گراؤنڈز دنیا کی مشہور تعمیراتی کمپنیوں نے تیار کئے ہیں، اسٹیڈیمز میں آنے والے شائقین کیلئے سوئمنگ پولز، کیفے، شاپنگ مالز اور ریسٹورنٹس ہی نہیں بلکہ لگژری ہوٹلز بھی بنائے گئے ہیں۔

دلچسپ بات تو یہ ہے کہ اس مہنگے ترین ایونٹ میں فاتح بننے والی ٹیم کو خوبصورت ٹرافی کے ساتھ 4 کروڑ ڈالرز بھی انعام میں ملیں گے۔

2018 میں ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم فرانس کو 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم دی گئی تھی لیکن اس ایونٹ میں یہ رقم 4 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی ہے اور فائنل ہارنے والی ٹیم 3 کروڑ ڈالرز کی حقدار ہوگی۔

تیسری پوزیشن پر رہنے والی ٹیم کے حصے میں 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز آئیں گے جبکہ چوتھے نمبر کی ٹیم ڈھائی کروڑ ڈالرز جیت لے گی یہی نہیں بلکہ ہارنے والی ہر ٹیم کو بھی لاکھوں ڈالرز ملیں گے۔ ایونٹ میں سب سے آخر پر رہنے والی ٹیم بھی لاکھوں ڈالرز لے کر ہی جائے گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More