وزیر توانائی بریک ڈاؤن کے دوران مختلف دکانوں پر پائے کھاتے رہے، فواد چودھری

ہم نیوز  |  Jan 24, 2023

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ وزیر توانائی بریک ڈاؤن کے دوران مختلف دکانوں پر پائے کھاتے رہے، ہمارے دور میں بریک ڈاؤن ہوا تو عمر ایوب 10 گھنٹے کنٹرول روم میں رہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب انتخابات کی تاریخ نہیں دیں گے تو آرٹیکل 6 کا سامنا کرنا پڑے گا، ان کے گلے میں وہی رسے پڑیں گے جو آئین نے دیے ہیں۔

فواد چودھری نے کہا کہ اقتدار ہمیشہ نہیں رہتا،ملک میں نئے انتخابات سے ہی استحکام آ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی حیثیت ایک منشی جیسی ہو گئی ہے۔آج ہم نے الیکشن کمیشن میں درخواست دی ہے، ہمارے ایوانوں میں 65 فیصد نشستیں خالی ہیں، صرف 35 فیصد کو بچانے کیلئے دوبارہ انتخابات ہونا ناممکن ہے، پارلیمنٹ کے اندر اس وقت 40 فیصد نشستیں خالی ہیں۔

سابق وزیر اطلاعات نے کہا جو لوگ 25 مئی میں براہ راست ملوث تھے ان کو تعینات نہ کیا جائے، جب تک آپ کو سزا نہ دے دیں آپ کا پیچھا کریں گے، بادشاہی سدا نہیں رہتی، آپ 3 یا 4 ماہ کیلئے ہیں، راجہ ریاض کو ہٹانے کیلئے اعلان کیا تو استعفے منظور کرنے لگے، پہلے استعفے منظور ہی نہیں ہو رہے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو ہٹانا ہی ان کا مقصد رہ گیا ہے، ایسا لگ رہا ہے پی ڈی ایم حکومت کا پاکستان سے تعلق ہی نہیں، نگران وزیر اعلیٰ تو ایک چہرہ ہے پیچھے تو کوئی اور ہے، آج لاہور کے لوگوں نے ان کو مسترد کر دیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More