اردو ہماری زبان ہے، پاکستان پارٹیشن سے پہلے انڈیا کا حصہ تھا: جاوید اختر

اردو نیوز  |  Mar 14, 2023

انڈیا کے مشہور شاعر اور لکھاری جاوید اختر کا کہنا ہے کہ اردو زبان کا تعلق پاکستان یا مصر سے نہیں بلکہ انڈیا سے ہے۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق جاوید اختر اور ان کی اہلیہ شبانہ اعظمی کے شاعری کے نئے مجموعے کی لانچنگ کی ایک تقریب میں جاوید اختر کا کہنا تھا کہ ’اردو کسی اور جگہ سے نہیں آئی بلکہ یہ ہماری اپنی زبان ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’اردو انڈیا سے باہر نہیں بولی جاتی۔ پاکستان بھی انڈیا سے علیحدگی کے بعد وجود میں آیا اور اس سے قبل پاکستان انڈیا کا حصہ تھا۔‘

انڈین شاعر نے شاعری کے مجموعے ’شاعرانہ، سرتاج‘ کی لانچنگ کی تقریب میں مزید کہا کہ ’پنجاب کا اردو کے فروغ میں بڑا ہاتھ ہے اور یہ انڈیا کی زبان ہے۔‘

جاوید اختر نے تقریب کے شرکا سے پوچھا کہ ’آپ نے اردو کو کیوں چھوڑ دیا ہے؟ بٹوارے کی وجہ سے، پاکستان کی وجہ سے؟ اردو کو توجہ دی جانی چاہیے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ انڈیا کے لوگ دور حاضر میں ہندی اور اردو پر انگریزی کو فوقیت دیتے ہیں جبکہ انہیں قومی زبان ہندی کو فوقیت دینی چاہیے۔

جاوید اختر نے تقریب کے دوران کہا کہ ’پاکستان کہتا ہے کہ کشمیر ہمارا ہے۔ کیا آپ مان لیں گے؟ اسی طرح اردو انڈین زبان ہے اور رہے گی۔‘

جاوید اختر حال ہی میں پاکستان کے دورے پر بھی آئے تھے جہاں انہوں نے لاہور میں فیض فیسٹول میں شرکت کی تھی۔ اس تقریب کے دوران جاوید اختر کے ممبئی حملوں سے متعلق پاکستان پر لگائے الزامات نے تنازع بھی کھڑا کر دیا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More