عمران خان کے گھر سے کلاشنکوف،غلیلیں اور پیٹرول بم بنانے کا سامان برآمد ہوا، رانا ثنااللہ

ہم نیوز  |  Mar 18, 2023

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کے ارد گرد مسلح افراد ہیں، عمران خان کے گھر سے کلاشنکوف،غلیلیں اور پیٹرول بم بنانے کا سامان برآمد ہوا ہے جو سیکیورٹی فورسز کے خلاف استعمال ہوا۔

لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا٫ اللہ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ پونے 4 سال حکومت میں رہا،اس وقت بھی کہتا تھا کہ اپوزیشن کوختم کردو۔ عمران خان کا طرز عمل سیاسی و جمہوری نہیں، یہ ایک فتنہ ہے۔ عمران خان نے ایک جیل بھروتحریک بھی شروع کی تھی۔ یہ خود جیل جانے سے اتنا خوف زدہ ہے کہ ملک کو داو پر لگا رہا ہے۔ کارکنان کیلئے جیل بھرو تحریک اور خود کیلئے جیل سے بچوتحریک شروع کی گئی۔جیل بھرو تحریک شروع کرنے والا خود زمان پارک میں مورچہ زن رہا۔

زمان پارک آپریشن کے حوالے سے رانا ثنا٫ اللہ نے کہا کہ زمان پارک سے جو کچھ ملا اس سے مریم نواز کی بات کی تائید ہوئی۔ عمران خان کے گھر کے بیرونی حصے سے 65 افراد ملے جن کا تعلق پنجاب سے نہیں ہے جبکہ سرچ وارنٹ ہونے کے باوجود عمران خان کے گھر کے اندرونی حصے کو سرچ نہیں کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ زمان پارک میں تجاوزات کی وجہ سے علاقہ مکینوں کو پریشانی کا سامنا تھا، پولیس نے نوگو ایریے کو ختم کیا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان کے ارد گرد مسلح افراد ہیں، حکومت اگر چاہے تو وہاں پر 2 ہزار آدمی مسلح بھیج سکتی تھی۔

عمران خان کی عدالت پیشی سے متعلق لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان کو ریلیف ملتا رہا ہے اور آج بھی ملا ہے۔ عمران خان کو بغیر حاضری کے ضمانت مل جاتی ہے، ایسا اس سے قبل کبھی نہیں دیکھا۔ عمران خان صرف بہانہ کرتے ہیں کہ ان کی جان کو خطرہ ہے۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کو معلوم ہے کہ ان کو کیسز میں سزا ہوگی، اسی لیے عدالتوں میں جانے سے انکار کردیا ہے۔ عدالت میں پیش ہونے سے ایک دن پہلے عمران خان کو تمام کیسز میں ضمانتیں دی گئیں۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ہم نے عمران خان کو آفر کی تھی کہ عدالت پیش ہوں اس کے بعد جہاں کہیں گے سیکیورٹی میں چھوڑ آئیں گے لیکن عمران خان نے جتھوں کے ساتھ جانے کو ترجیح دی۔ عمران خان کا مقصد ملک میں فتنہ، افراتفری اور انارکی پھیلانا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More