دعا کیلئے ہاتھ اٹھاتے تو آنکھیں بھیگ جاتیں اور ۔۔ ڈاکٹر عامر لیاقت کے بغیر رمضان کی نشریات کیسی ہونگی؟

ہماری ویب  |  Mar 22, 2023

نعت پڑھنا شروع کرتے تو سماع بندھ جاتا، دعا کیلئے ہاتھ اٹھاتے تو سننے والوں کی آنکھیں بھیگ جاتیں، کئی سالوں سے سحر و افطار میں ٹی وی اسکرینوں پر گونجتی نعت و رمضان نشریات میں عامر لیاقت کی آواز اس سال نہیں سنائی دے گی۔

رمضان اللہ کی طرف سے مسلمانوں کیلئے ایک بیش قیمت تحفہ ہے۔اس ماہ مقدس میں ہر مسلمان روزہ،ریاضت اور عبادت کے ذریعے اللہ رب العزت کو راضی کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

پاکستان میں پی ٹی وی کے زمانے میں ٹی وی پر نعت اور نماز کو خصوصی اہمیت دی جاتی تھی لیکن پرائیویٹ ٹی وی چینلز کی بھرمار نے نمازکی روایات کو پیچھے چھوڑ دتھا ایسے میں ڈاکٹر عامر لیاقت نے پرائیویٹ ٹی وی پر مذہبی پروگرام کا آغاز کرکے ایک نئی روایت قائم کی۔

عامر لیاقت کو ٹی وی میزبانوں میں جو شہرت ملی وہ شائد ہی کسی اور کے حصے میں آئی ہو۔عامر لیاقت کو رمضان کی نشریات سے خاص مقبولیت ملی، رمضان میں صرف عامر لیاقت ہی نہیں بلکہ جنید جمشیدکا بھی ایک الگ ہی مقام تھا۔

ماضی میں گلوکار کے طور پر شہرت پانے والے جنید جمشید شوبز کی رنگینوں کو چھوڑ کر اللہ کی راہ پر آئے ۔رمضان کی نشریات میں جنید جمشید کی نعتوں اور تلاوت کلام پاک کو خاص اہمیت ملی لیکن زندگی نے ساتھ نہ دیا اور جنید جمشید ایک طیارے کے حادثے میں خالق حقیقی کے پاس چلے گئے۔

جنید جمشید کے علاوہ امجد صابری کو بھی رمضان کی نشریات میں خاص طور پر شہرت ملی قوالوں کے خاندان میں پیدا ہونے والی امجد صابری رمضان کی نشریات میں نعت پڑھتے تو سننے والے کسی اور ہی دنیا میں کھوجاتے لیکن دہشت گردوں نے اس چراغ کو گولیاں مار کر بجھا دیا۔

اب اگر ڈاکٹر عامر لیاقت کی بات کریں تو عامر لیاقت نے ٹاک شو کی میزبانی کی تو مہمانوں کے چھکے چھڑادیئے۔انعام گھر میں مہمانوں کو ہنسانے پر آئے تو لوگوں کو بے حال کردیالیکن رمضان میں جب دعا کیلئے ہاتھ اٹھاتے تو رو رو کر اللہ سے دعا مانگتے اور دیکھنے اور سننے والوں کو بھی رونے پر مجبور کردیتے۔

نعت پڑھتے تو آقائے دو جہان ﷺ سے عقیدت اور محبت کی تمام حدیں پار کرجاتے اور سماع باندھ دیتے۔ گزشتہ سال انتقال کی وجہ سے اس رمضان میں نہ تو عامر لیاقت کی وجہ سے انعام گھر میں قہقہے لگیں گے نہ رمضان کی بابرکت ساعتوں میں روح پرور دعا اور نعت کی آواز گونجے گی۔

ہماری دعا ہے کہ اللہ رب العزت جنید جمشید، امجد صابری، ڈاکٹر عامر لیاقت ہی نہیں بلکہ تمام مرحومین کے درجات بلند کرے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More