’مودی کی توہین‘، راہُل گاندھی کو دو برس قید کی سزا

اردو نیوز  |  Mar 24, 2023

ایک انڈین عدالت نے اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما راہُل گاندھی کو سنہ 2019 کی انتخابی مہم کے دوران وزیراعظم نریندر مودی کو مجرم کہنے پر دو برس قید کی سزا سنائی ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق راہُل گاندھی جو کانگریس کے مرکزی رہنما ہیں اور سورت کی عدالت میں خود بھی موجود تھے، کو سزا سنائے جانے کے فوراً بعد ضمانت مل گئی کیونکہ ان کے وکلا نے (فیصلے کے خلاف) اپیل کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔

مودی حکومت پر ناقدین کو نشانہ بنانے اور انہیں خاموش کرنے کے لیے اس قانون کا بڑے پیمانے پر استعمال کرنے کا الزام لگایا جاتا ہے۔

یہ وزیراعظم کی آبائی ریاست گجرات میں حالیہ برسوں میں ان کے سب سے بڑے مخالف (راہُل گاندھی) کے خلاف درج کیے گئے کئی مقدمات میں سے ایک ہے۔

یہ معاملہ سنہ 2019 کی انتخابی مہم کے دوران 52 سالہ گانگریسی رہنما کے اس بیان سے شروع ہوا جس میں انہوں نے پوچھا تھا کہ ’تمام چوروں کے خاندانی نام میں مودی کیوں آتا ہے؟‘

ان کے اس بیان کو وزیراعظم کے خلاف ایک نامناسب بات قرار دیا گیا تھا۔ انتخابات میں نریندر مودی کی جماعت نے اکثریت حاصل کی تھی۔

حکومتی ارکان نے یہ بھی کہا کہ یہ بیان ان تمام افراد پر ایک داغ ہے جن کے خاندانی نام مودی ہیں، اور جو انڈیا کے روایتی ذات پات کے نظام میں درجہ بندی کے لحاظ سے نچلی ذات سے تعلق رکھتے ہیں۔

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمنٹ روی شنکر پرساد نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر آپ مودی نام کی توہین کرنے جا رہے ہیں تو یہ سراسر ہتک آمیز ہے۔‘

’کیس کی ٹھیک سے سماعت ہوئی اور انہیں (راہُل گاندھی) اپنی بات کرنے کا موقع ملا۔ فیصلہ عدالتی عمل کے مطابق دیا گیا۔‘

راہُل گاندھی کو ہتک عزت کے دو دیگر مقدمات کا بھی سامنا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)راہُل گاندھی کے وکیل بی ایم منگوکیا نے کہا کہ ان کے موکل کا مقصد کسی کی توہین کرنا نہیں تھا۔

انہوں نے عدالت کے باہر رپورٹروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’جب مجسٹریٹ نے (راہُل) گاندھی سے پوچھا کہ وہ اپنے دفاع میں کیا کہنا چاہتے ہیں تو کانگریس لیڈر نے کہا کہ وہ ملک میں بدعنوانی کو بے نقاب کرنے کے لیے لڑ رہے ہیں۔‘

’ان کے بیان کا مقصد کسی کمیونٹی کو تکلیف پہنچانا یا ان کی توہین کرنا نہیں تھا۔‘

راہُل گاندھی کو ہتک عزت کے دو دیگر مقدمات کا بھی سامنا ہے۔ وہ منی لانڈرنگ کے ایک کیس میں بھی ضمانت پر ہے جو ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے چل رہا ہے۔ کانگریسی رہنام کسی بھی طرح کی مالی بے ضابطگی کے الزام سے انکاری ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More