انڈیا کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا کہنا ہے کہ 23-2022 کے مالی سال میں انڈیا نے بیرون ملک 15 ہزار 920 کروڑ روپے کا دفاعی ساز و سامان فروخت کیا ہے۔سنیچر کو ایک ٹویٹ میں راج ناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ ’انڈیا کی دفاعی برآمدات مالی سال 23-2022 میں تاریخ کی بلند ترین شرح پر رہیں جو کہ 15 ہزار 920 کروڑ روپے تھی۔‘انڈیا کے وزیر دفاع کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت کے گذشتہ چھ سالوں میں دفاع ساز و سامان کی برآمدات میں 10 گُنا اضافہ ہوا ہے۔پچھلے مالیاتی سال میں انڈیا نے 12 ہزار 814 کروڑ روپے کا دفاعی سامان بیرون ملک فروخت کیا تھا۔راج ناتھ سنگھ کا کہنا ہے کہ ’وزیراعظم نریندر مودی کی متاثر کُن قیادت میں انڈیا کی دفاعی برآمدات بڑھنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔Excellent! A clear manifestation of India’s talent and the enthusiasm towards ‘Make in India.’ It also shows the reforms in this sector over the last few years are delivering good results. Our Government will keep supporting efforts to make India a defence production hub. https://t.co/AL3sLknFOL
— Narendra Modi (@narendramodi) April 1, 2023
وزیر اعظم نریندر مودی نے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پچھلے چند سالوں میں دفاعی سیکٹر میں لائی جانے والی اصلاحات کا اچھا نتیجہ سامنے آرہا ہے۔ ہماری حکومت انڈیا کو دفاعی ساز و سامان بنانے کا مرکز بنانے والی ہر کوشش کی حمایت کرے گی۔‘واضح رہے انڈین حکومت نے مالیاتی سال 25-2024 میں انڈیا کی دفاعی ساز و سامان کی برآمدات 35 ہزار کروڑ تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا ہوا ہے۔