قانون کے مطابق شرپسند عناصر کو سزا دی جائے گی، وزیر اعظم

ہم نیوز  |  May 26, 2023

راولپنڈی: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قانون کے مطابق شرپسند عناصر کو سزا دی جائے گی۔ شہدا اور ان کے اہلخانہ کو سلام پیش کرتا ہوں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے یوم تکریم شہدا کے موقع پر راولپنڈی میں آرمی قبرستان کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شہدا کے قدموں میں پھول نچھاور کرنے آیا ہوں اور یہ پھول دل کی گہرائیوں سے احترام اور تکریم کے پھول ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہدا نے پاکستان کے ایک ایک انچ کی حفاظت اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جانیں دی ہیں۔ شہدا نے اپنے بچے یتیم کر کے قوم کے بچوں کو یتیم ہونے سے بچایا اور ان شہدا کی وجہ سے قائد کا پاکستان محفوظ ہے اور محفوظ ترین ہاتھوں میں ہے۔ انہوں ںے اپنی جانوں کو ہتھیلی پر رکھ کر پاکستان کو محفوظ رکھا۔

یہ بھی پڑھیں: 

شہباز شریف نے کہا کہ آج ہم ان عظیم شہدا کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں جبکہ حکومت اور پاکستان کی عوام شہدا کی تکریم میں عاجزی سے کھڑے ہیں۔ میں شہدا اور ان کے اہلخانہ کو بھی سلام پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ایک جتھے نے منصوبہ بندی کے تحت شہدا اور غازیوں کی بے حرمتی اور فوجی تنصیبات پر حملے کیے لیکن قوم انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی اور قانون کے مطابق شرپسند عناصر کو سزا دی جائے گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ جنہوں نے شہدا کی بے حرمتی کی وہ اس قوم کے سامنے مجرم ہیں اور جو لوگ اپنی ذات کو اوپر رکھ کر ملک کے بارے میں سوچتے ہیں وہ گمراہ ہیں۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائی گئیں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں بھی یہ جذبہ عطا فرمائے کہ ہم ان شہدا اور غازیوں کی راہ پر چلیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More