انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن کے زیر اہتمام چلنے والے سکول کو کم تعداد میں داخلوں کے باعث بند کر دیا گیا ہے۔سکول کے سٹاف کو ملازمت سے برطرف کرنے کے نوٹسز بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔ اردو نیوز کو دستیاب ایک ایسے ہی نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ ’کم داخلوں کے باعث مجاذ اتھارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان ہائی کمیشن سکول بند کر دیا جائے، اس لیے مزید آپ کی خدمات کی ضرورت نہیں رہی۔‘تمام ملازمین کو معاہدے کے تحت ایک مہینے کا نوٹس دیا گیا ہے کہ وہ اپنے لیے متبادل ملازمت کا بندوبست کر لیں۔ اس سلسلے میں اردو نیوز نے جب ترجمان پاکستان ہائی کمیشن انڈیا سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’رواں تعلیمی سال کے مکمل ہونے پر سکول کی تعلیمی سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ سکول میں نئے داخلے نہ ہونے کے برابر ہیں۔‘ ترجمان کا کہنا تھا کہ ’2020 کے بعد پاکستان ہائی کمیشن کے عملے کی تعداد تعداد کو نصف کر دیا گیا تھا۔ سکول میں ہائی کمیشن کے عملے کے علاوہ مقامی یا دیگر سفارت خانوں کے عملے کے بچوں کا داخلہ نہیں کیا جاتا۔ اس وجہ سے طلبا کی تعداد انتہائی محدود رہ گئی تھی۔‘ سکول ایک سٹاف کے ایک رکن نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’پچھلے دو سال سے سکول کی آمدن اور اخراجات میں بہت زیادہ فرق آ چکا تھا جبکہ عملے کو کئی ماہ تک تنخواہوں کی ادائیگی بھی ایک مسئلہ رہی ہے۔ ہمیں خود کئی ماہ تک تنخواہ نہیں ملتی تھی جس کی وجہ سے کافی مسائل کا سامنا تھا۔‘ خیال رہے کہ ’سکول میں صرف پاکستانی ہائی کمیشن کے عملے کے بچے زیر تعلیم تھے جن کی تعداد بھی 2020 میں نصف رہ گئی تھی اور باقی عملہ واپس آنے کی وجہ سے بچے بھی پاکستان واپس آ گئے تھے۔