بالی وُڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان اپنی پچھلی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کے بعد اداکاری سے وقفہ لے رکھے ہیں۔ہندوستان ٹائمز کے مطابق عامر خان اس وقت اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزار رہے ہیں۔عامر خان کو منگل کے روز انڈین پنجابی فلم ’کیرن آن جٹا تھری‘ کے ٹریلر لانچ کی تقریب میں دیکھا گیا تھا۔اس دوران جب سپرسٹار سے اُن کی اپنی فلم کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں ںے درخواست کی کہ سب لوگ اس پنجابی فلم کو دیکھیں جس کو وہ سپورٹ کر رہے ہیں۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ’کیونکہ آپ سب لوگوں کو انتظار ہوگا، لہذا میں آپ کو جلدی سے بتا دوں کہ میں نے ابھی تک کوئی فلم کرنے کا فیصلہ نہیں کیا۔‘وہ مزید کہتے ہیں کہ ’میں ابھی فیملی کے ساتھ وقت گزارنا چاہتا ہوں۔ مجھے اس بارے میں بہت اچھا محسوس ہو رہا ہے کیونکہ ابھی میں یہی کرنا چاہتا ہوں۔ جب میں ذہنی طور پر تیار ہوں گا تب نئی فلم بناؤں گا۔‘کیرن آن جٹا تھری کے ٹریلر لانچ پر انہوں نے کامیڈین اور ٹی وی ہوسٹ کپل شرما کی بھی خوب تعریف کی۔وہ کہتے ہیں کہ ’میں اُن کا بہت بڑا مداح بن گیا ہوں۔ میری اتنی شاموں کو انہوں نے رنگین بنایا ہے۔ میں بہت ہنسا ہوں۔ وہ اتنے مزاحیہ ہیں کہ میں نے کچھ ہفتے پہلے انہیں کال کر کے بتایا کہ اتنے لوگوں کو ہنسانے کا شکریہ۔ لوگوں کو ہنسانا بہت بڑی بات ہے۔ کپل میں تمہارا ایک بڑا مداح ہوں۔ لیکن میں یہ بھی پوچھنا چاہتا ہوں کہ آپ نے مجھے ابھی تک شو پر کیوں نہیں بلایا۔ اس سے پہلے وہ کچھ بولیں میں یہ پوچھ رہا ہوں۔ میں ان سے ایک قدم آگے ہوں۔‘عامر خان کی گذشتہ سال ریلیز ہونے والی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ تھی جو کہ باکس آفس پر ناکام رہی تاہم آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر اسے پذیرائی ملی۔ یہ فلم معروف ہالی وُڈ فلم ’فارسٹ گمپ‘ کا ہندی ری میک تھی جس میں عامر خان کے ساتھ کرینہ کپور نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔اس کے علاوہ سپرسٹار نے اداکارہ کاجول کی فلم ’سلام وینکی‘ میں خصوصی کیمیو بھی کیا تھا۔ یہ فلم گذشتہ سال دسمبر میں ریلیز ہوئی تھی۔