عید پر اوورسیز پاکستانیوں کے آنے سے ڈالر ریٹ گرے گا، ملک بوستان

ہم نیوز  |  Jun 07, 2023

چیئرمین پاکستان فاریکس ایکسچینج ایسوسی ایشن ملک بوستان نے کہا ہے کہ حج فلائٹس مکمل ہوں گی تو عیدالاضحیٰ پر اوورسیز پاکستانی آئیں گے جس کی وجہ سے ڈالر کا ریٹ گرے گا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم کسی حال میں خوش نہیں ہوتی، ڈالر کا ریٹ بڑھے تو کہتے ہیں کیوں بڑھایا اور اگر حکومت ڈالر کا ریٹ نہیں بڑھاتی تو قوم کہتی ہے کہ قیمت بڑھا کیوں نہیں رہے؟

ملک بوستان کا کہنا تھا کہ روز کہا جارہا ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ کرجائے گا، ڈیفالٹ کا اتنا ڈھنڈورا نہ پیٹیں، خدا کا خوف کریں۔ ملک میں اس وقت 10 ارب ڈالر زرمبادلہ موجود ہے اور 28 ماہ میں پہلی بار کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہوا ہے۔ اس لیے پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کے دور دور تک نشان نہیں۔

چیئرمین پاکستان فاریکس ایکسچینج ایسوسی ایشن نے بتایا کہ مارکیٹ میں ڈالر کے بھاؤ میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے۔ اس سے پہلے ڈالر 315 سے 320 روپے کے درمیان چلا گیا تھا۔ اسحاق ڈار کو آگاہ کیا ہے کہ بینک کریڈٹ کارڈ ہولڈرز کے لیے ڈالر خرید رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ہدایت کی ہے کہ کریڈٹ کارڈ کی پیمنٹ بینک ریٹ پر ہوگی۔ کریڈٹ کارڈ کی پیمنٹ 10 سے 15 ملین ڈالر یومیہ تھی، ہمارے پاس سپلائی 5 سے 7 ملین ڈالر ہے۔ مارکیٹ میں اتنا والیم نہیں تھا، جب ڈالر کی طلب آئی تو نرخ بڑھنے ہی تھے۔

ملک بوستان نے مزید کہا کہ اس وقت حج فلائٹس کا سیزن ہے، اس لیے عازمین حج کیلئے بھی ڈالر کی ڈیمانڈ ہے۔ حج فلائٹس مکمل ہوں گی تو عید پر اوورسیز پاکستانی آئیں گے، جس سے ڈالر کا ریٹ گرے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More