انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے تصدیق کر دی ہے کہ انڈیا نے اگلے ماہ شروع ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ویزے جاری کر دیے۔ اگلے ماہ انڈیا میں شیڈول آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں 10 دن باقی رہ گئے ہیں اور پاکستان ٹیم کو 27 ستمبر کو انڈیا پہنچنا ہے۔کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک اِنفو‘ نے آئی سی سی کے حوالے سے بتایا ہے کہ انڈیا نے پاکستانی ٹیم کو ویزے جاری کردیے گئے ہیں۔ قبل ازیں ’کرک اِنفو‘ نے کہا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس معاملے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے اپنے خدشات کا اظہار کیا ہے۔پی سی بی نے آئی سی سی کو اِس بات پر بھی خبردار کیا ہے کہ ویزوں کے اجرا میں تاخیر سے پاکستان ٹیم کی ٹورنامنٹ میں تیاریوں پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔پاکستان ٹیم نے بدھ کی صبح کو انڈیا کے لیے اڑان بھرنی ہے۔پی سی بی نے آئی سی سی کو لکھا تھا کہ پاکستان ٹیم اِس وقت ورلڈ کپ کے لیے جانے والی واحد ٹیم ہے جسے ابھی تک ویزے جاری نہیں کیے گئے جبکہ پاکستان کے ساتھ یہ رویہ قبول نہیں کیا جائے گا۔پی سی بی نے آئی سی سی کو بطور کرکٹ کی عالمی باڈی معاملہ حل کروانے کی درخواست کی تھی جبکہ انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب اس بات کی تحریری طور پر گارنٹی دی گئی تھی کہ پاکستانی ٹیم کو ورلڈ کپ کے لیے ویزے جاری کیے جائیں گے۔پاکستان ٹیم نے 27 ستمبر بروز بدھ صبح کے وقت دبئی جانا ہے جس کے بعد ٹیم حیدرآباد دکن جائے گی۔خیال رہے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ورلڈ کپ کا وارم اپ میچ 29 ستمبر کو حیدرآباد دکن میں شیڈول ہے۔