گوگل نے آج انسانی زندگی کو بہت آسان بنادیا ہے، کھانا بنانے کی ترکیب سے لے کر راکٹ اڑانے تک ہر چیز کیلئے گوگل سے رہنمائی مل جاتی ہے اور کوئی بھی کام منٹوں میں ہوجاتا ہے لیکن ہمیشہ سے ایسا نہیں تھا بلکہ گوگل کا قیام 25 برس پہلے ہوا اور گوگل اپنی کامیابی کی 25 ویں سالگرہ دھوم دھام سے منارہا ہے۔
لیری پیج اور سرگئے برن نے 25 برس قبل 1998ء میں کیلیفورنیا کے مضافاتی علاقے میں ایک گیراج سے گوگل کو بطور یونیورسٹی ریسرچ پروجیکٹ شروع کیا اور آج اس کے 6 براعظموں کے 200 سے زائد شہروں میں دفاتر اور ڈیٹا سینٹر قائم ہیں۔
گوکہ گوگل کی بنیاد 1998ء میں 4 ستمبر کو رکھی گئی تھی، البتہ گوگل 2002ء سے اپنی سالگرہ 27 ستمبر کو منا رہا ہے۔کمپنی نے سلور جوبلی کی مناسبت سے اپنے ڈوڈل میں 25 کے ہندسوں کا اضافہ کیا ہے جو دنیا بھر میں دیکھا جا سکتا ہے۔
قیام کے وقت گوگل کا مقصد عام صارفین کو انٹرنیٹ پر کسی بھی موضوع پر درکار مواد تلاش کرنے کے لیے سرچ انجن مہیا کرنا تھا۔ اسی وجہ سے گوگل کو مقبولیت حاصل ہوئی اور آج بھی یہ دنیا کا سب سے زیادہ استعمال ہونے والا سرچ انجن ہے۔
وقت کے ساتھ ساتھ گوگل نے خود کو بہت تبدیل کر لیا ہے اور آج کل یہ سرچ انجن کے علاوہ اور بھی کئی مختلف خدمات مہیا کر رہا ہے۔ ان میں گوگل میل، وڈیو شئیرنگ، سوشل نیٹ ورک اور نقشہ جات کے علاوہ بھی کئی دیگر خدمات شامل ہیں۔
اس کا مرکزی دفتر جوکہ گوگل پلکس کہلاتا ہے، ماؤنٹین ویو، کیلی فورنیا میں واقع ہے۔ گوگل کی آمدنی کا سب سے بڑا انحصار انٹرنیٹ اشتہاربازی اور چند کمپیوٹر سافٹ ویئر کی فروخت پر ہوتا ہے، کل سالانہ آمدنی 209 ارب امریکی ڈالرز سے بھی زیادہ ہے۔