افغانستان نے انڈیا میں اپنا سفارتخانہ بند کر دیا ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سفارتخانے کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اعلامیے میں کہا ہے کہ ’انتہائی دکھ، افسوس اور مایوسی کے ساتھ نیو دہلی میں افغانستان کا سفارتخانہ اپنے آپریشن ختم کرنے کے فیصلے کا اعلان کر رہا ہے۔‘اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ ’انڈیا نگران کی حیثیت سے سفارتخانے کا کنٹرول سنبھالے گا۔‘سفارتخانے کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سٹاف اور وسائل میں کمی کے باعث آپریشن جاری رکھنا انتہائی مشکل ہو رہا تھا جبکہ سفارتکاروں کے ویزا کی تجدید کے لیے بھی سپورٹ بروقت اور کافی نہیں تھی۔انڈیا سمیت اکثر ممالک نے طالبان کی حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا لیکن حکومتی سطح پر رابطے قائم رکھے ہوئے ہیں۔اس سے پہلے یہ خبریں سامنے آئیں تھیں کہ حالیہ مہینوں میں سفیر اور دیگر اعلٰی حکام انڈیا چھوڑ چکے ہیں جبکہ پیچھے رہ جانے والوں کے درمیان لڑائی جھگڑے چلتے رہتے ہیں۔تاہم اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ ’اندرونی لڑائی جھگڑوں سے متعلق بے بنیاد دعووں کی تردید کرتے ہیں‘ اور یہ بھی کہا ہے کہ کوئی بھی سفارتکار ’بحران کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تیسرے ملک میں پناہ‘ لینے کی کوشش نہیں کر رہا۔طالبان کے اقتدار میں آنے کے فوری بعد انڈیا نے کابل میں اپنا سفارتخانہ اگست 2021 میں بند کر دیا تھا لیکن گزشتہ سال چند اہلکاروں کو واپس بھیجا تھا۔Press StatementFOR IMMEDIATE RELEASEDate: 30th September, 2023
Afghanistan is closing its Embassy in New Delhi.
The Embassy of the Islamic Republic of Afghanistan in New Delhi regrets to announce the decision to cease its operations, effective October 1, 2023. pic.twitter.com/BXesWPdLFP
— Afghan Embassy India (@AfghanistanInIN) September 30, 2023
اُسی سال اکثر ممالک نے اپنا سفارتی عملہ واپس بلا لیا تھا جو اب تک واپس نہیں گیا تاہم پاکستان، چین اور روس نے اپنے سفارتخانے بند نہیں کیے تھے۔پاکستان، چین، ترکیہ اور ایران میں افغان سفارتخانوں کا مکمل کنٹرول طالبان حکام کے پاس ہے جبکہ باقی ممالک میں ہائبرڈ نظام کے تحت چل رہے ہیں جہاں سفیر تعینات نہیں لیکن ویزا کے اجرا کے لیے عملہ کام کر رہا ہے۔