پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فاسٹ بولر حارث رؤف سمیت زمان خان اور اسامہ میر کو آسٹریلیا کی ٹی20 ’بگ بیش لیگ‘ میں کھیلنے کے لیے این او سی جاری کر دیا ہے۔پی سی بی کی جانب سے پیر کو جاری کی گئی پریس ریلیز میں اس بات کا اعلان کیا گیا ہے کہ تینوں کھلاڑیوں کو این او سی دینے کا فیصلہ سٹیک ہولڈرز کی بہتری کو سامنے رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔پی سی بی نے حارث رؤف اور اسامہ میر کو لیگ کے پانچ میچ کھیلنے کی اجازت دی ہے جبکہ زمان خان کو چار میچوں میں شرکت کی اجازت دی گئی ہے۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ ’پاکستان کرکٹ بورڈ نے فاسٹ بولر حارث رؤف، زمان خان اور لیگ سپنر اسامہ میر کو بگ بیش لیگ کے لیے این او سی جاری کر دیا ہے۔‘پی سی بی نے مزید کہا کہ ’بورڈ نے کھلاڑیوں کے ورک لوڈ اور پاکستانی ٹیم کے فیوچر ٹور پروگرامز کو مدنظر رکھتے ہوئے این او سی جاری کیا ہے۔‘خیال رہے حارث رؤف اور اسامہ میر بگ بیش لیگ کی ٹیم میلبرن سٹارز کی نمائندگی کریں گے جبکہ زمان خان لیگ میں سڈنی تھنڈر کی جانب سے ایکشن میں نظر آئیں گے۔ یہ تینوں کھلاڑی 7 دسمبر سے 28 دسمبر تک بگ بیش لیگ کھیلیں گے۔خیال رہے بی بی ایل 2023-2024 کے سیزن کا آغاز 7 دسمبر سے ہوگا جس میں 8 ٹیمیں مجموعی طور پر 44 میچز کھیلیں گی۔اس سے قبل حارث رؤف میلبرن سٹارز کی اب تک 18 میچوں میں نمائندگی کرتے ہوئے 30 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔